الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان کی رکنیت معطل کر دی

جمعرات 9 اپریل 2015 15:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ریفرنس دائر ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر پی کے 56 مانسہرہ ن لیگ کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان کی رکنیت معطل کر دی۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن میں درخواست کی سماعت کی گئی جس میں ن لیگ کی جانب سے رفیق رجوانہ پیش ہوئے۔ وجیہہ الزمان خان کی جانب سے مقررہ وقت پر وکیل پیش نہ ہونے پر ان کو ایک گھنٹہ کی مہلت دی گئی۔ جس پر وجیہہ الزمان خان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے بحث کے بعد الیکشن کمیشن نے وجیہہ الزمان خان کی رکنیت کو معطل کر دیا۔

(جاری ہے)

وجیہہ الزمان خان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سینٹ کے الیکشن میں قومی وطن پارٹی کے وقار خان کے تجویز کنندہ بنے تھے جس پر وزیراعظم پاکستان نے پارٹی صدر کی حیثیت سے ان کے خلاف ریفرنس کے پی کے اسپیکر اسد قیصر کو بھیجا جس پر اسپیکر کے پی کے نے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا تھا۔

درخواست پر سماعت نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن نے متعلقہ رکن کی رکنیت کو معطل کر دیا واضح رہے کہ وجیہہ الزمان خان نے اس سے قبل اسمبلی کی رکنیت سے استعفی بھی دے دیا تھا۔