عمران کا مشن میرا مشن ہے ، ریحام خان

جمعرات 9 اپریل 2015 13:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ کراچی میں این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں عمران خان کا مشن پورا کرنے آئی ہوں۔ عمران خان ورلڈ کپ کھیلتے یا کے ٹو کی چوٹی سر کرتے تو وہاں پر بھی میں پہنچ جاتی۔ کراچی میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے اگر کسی نے نو گو ایریا کاخوف پھیلایا تو اسے ختم کیا جائے۔

تلخیوں میں مٹھاس کا آنا بھی ایک بہت بڑی تبدیلی ہے اب این اے 246 پر تحریک انصاف کے سوا قوم کسی دوسرے کو جیتنے کا موقع نہیں دے گی ۔ جمعرات کے روز جب عمران خان کی اہلیہ ریحام خان پی آئی کی پرواز 301 کے ذریعے کراچی ائیرپورٹ پر پہنچی تو تحریک انصاف کے رہنما ناز بلوچ‘ عون چوہدری سمیت خواتین ونگ کی رہنما نادیہ ربانی سمیت دیگر پی ٹی آئی کی متوالیوں نے ان کا استقبال کیا اور ویلکم ریحام ویلکم کے نعرے لگائے اس موقع پر ریحام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جہاں بھی جائیں گے میں ان کے ساتھ رہونگی کیونکہ شوہر کا مشن میرا مشن ہے اگر عمران خان ورلڈ کپ کھیلنے جاتے یا کے ٹو کی چوٹی کو سر کرتے تو وہاں پر بھی میں ان کا ساتھ دیتی۔

(جاری ہے)

بطور بیوی عمران خان کے ہر نیک کام میں ان کے ساتھ ہوں ریحام خان نے کہا کہ این اے 246 پر تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل میرے بھائی ہیں اور وہ جہاں انتخابی مہم کے لئے کہیں گے ہم جائیں گے اور 23 اپریل تک کراچی میں آتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے اگر جس نے نو گو ایریا کا خوف پھیلایا ہے تو اسے توڑا جائے۔ ریحام نے الطاف حسین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کا معجزہ ہے کہ تلخیوں میں مٹھاس آ گئی ہے تو یہ بھی ایک بہت بڑی تبدیلی ہے۔ ریحام نے کہا کہ اب قوم دھوکے بازوں سے تنگ آ چکی ہے اس لئے اب این اے 246 پر تحریک انصاف کے سوا کوئی دوسرا نہیں جیت سکتا۔

متعلقہ عنوان :