رواں برس2سے3ٹیموں کو پاکستان بلاناچاہتے ہیں، شہریار خان

جمعرات 9 اپریل 2015 12:53

رواں برس2سے3ٹیموں کو پاکستان بلاناچاہتے ہیں، شہریار خان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے رواں سال دو سے تین انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان بلانا چاہتے ہیں،زمبابوین کرکٹ ٹیم مئی میں پاکستان آنے پر رضامند ہوگئی ہے ،زمبابوین ٹیم دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز یا 5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریزکھیلے گی، ملک میں سیکیورٹی معاملات کے پیش نظر ابتدائی طور پر تمام میچز لاہور میں منعقدکرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ زمبابوے بورڈ سے ہوم سیریز کیلئے بات چیت جاری ہے۔ آئندہ ہفتے آئی سی سی کے اجلاس میں زمبابوے کیساتھ سیریز کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اگرزمبابوے بورڈ کیساتھ معاملات طے پاگئے تو زمبابوے کی ٹیم پندرہ مئی کو پاکستان آئے گی۔ چیئرمین پی سی بی کاکہنا تھا کہ پاکستان میں سیریز کے حوالے سے ہالینڈ اور آئر لینڈ کی ٹیموں سے بھی بات چیت جاری ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکر چیمہ نے زمبابوین کرکٹ حکام سے ملاقات میں انکشاف کیا تھا کہ افریقی ملک اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا خواہشمند ہے۔یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر بعض شدت پسندوں کے حملے کے بعد ٹیسٹ اسٹیٹس کی کوئی بھی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے نہیں آئی ہے، گزشتہ برس کینیا کی ٹیم نے لاہور کا دورہ کیا تھا اور پاکستان اے کیخلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں حصہ لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :