کے الیکٹرک کی انتظامیہ لائن لاسز کی آڑ میں شہریوں کو اذیت میں مبتلا نہ کرے بلکہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے،نجمی عالم

بدھ 8 اپریل 2015 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم ، لطیف مغل اور منظور عباس نے کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ اورطویل بار بار لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لائن لاسز کی آڑ میں شہریوں کو اذیت میں مبتلا نہ کرے بلکہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے کراچی کو مختلف زونز میں تقسیم کر رکھا ہے اور بجلی کے صارفین سے باقاعدہ بلنگ کے باوجود تکنیکی خرابیوں کو دور کرنے سے جان بوجھ کر اجتناب برتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش کے باعث کراچی کے شہری پینے کے پانی سے بھی محروم کر دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے عوام نے سڑکوں پر آکر احتجاج شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے لمبی چوڑی پریس ریلیز جاری نہ کرے بلکہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائے کیونکہ جس دن سے کے الیکٹرک کا کنٹرول نجی ہاتھوں میں گیا ہے اسی دن سے گھریلوصارفین اور صنعتکاروں پر مسلسل لوڈشیڈنگ کا عذاب طاری ہے۔