منشیات کی سمگلنگ کے خلاف حکومت کے اقدامات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے ، وزیر داخلہ

بدھ 8 اپریل 2015 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ اینڈ نارکوٹکس کنٹرول چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل خاور حنیف نے (آج) بدھ کو پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی نے وزیر کو اندرون ملک اور خطہ بھر میں منشیات کی صورتحال اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی گزشتہ ایک سال کی کامیابیوں بارے بریف کیا۔

اس موقع پر خطہ میں منشیات کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان خود منشیات سے متاثرہ ملک ہے اور منشیات کے مافیاز اور گروہوں کے خلاف اور خطہ کو منشیات سے پاک کرنے کی پاکستانی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے حاصل شدہ رقوم ملک میں دہشت گردانہ سر گرمیوں کیلئے رقومات کی فراہمی کا بڑا ذریعہ رہی ہیں اور دہشت گردوں کی کمر توڑنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے توقع ظاہر کی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی قیادت کی طرف سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے فورس کا مورال بڑھانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی اور یہ اپنے فرائض موثر طریقے سے ادا کرے گی۔ ڈی جی اے این ایف نے ملک میں منشیات کی روک تھام، پکڑی جانے والی منشیات، نشہ کے عادی افراد کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے تازہ ترین اقدامات بارے بھی بریف کیا۔

انہوں نے وزیر داخلہ کو دنیا بھر سے منشیات کے خطرہ سے بچانے کیلئے پاکستان کی کوششوں اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون بارے بریف کیا۔ ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس نے وزیر کو ان تحقیقات بارے بھی بریف کیا جو کہ تھائی لینڈ سے منشیات کے مجرموں کو غیر قانونی طور پر پاکستان منتقل کئے جانے کے بارے میں تھیں اور یہ تحقیقاتی کام اینٹی نارکوٹکس فورس کے سپرد کیا گیا تھا۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی کامیابیوں سے متعلق منسٹر کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل خاور حنیف نے بتایا کہ اندرون ملک اور بین الاقوامی سطح پر منشیات کی نقل وحمل کو روکنے اور پکڑی جانے والی منشیات کے حوالے سے 2014ء ریکارڈ سال تھا۔ اس عرصہ کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے 93منظم گروہوں اور منشیات کے اڈے چلانے والوں اور منشیات کی خریدوفروخت کرنے والوں کو گرفتار کیا۔

فورس نے منشیات کی بین الاقوامی نقل و حمل کرنے والے 13منظم گروہوں ، تنظیموں کے خلاف کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے 260ٹن ہیروئن، حشیش، افیون، مصنوعی نشہ آور ادویات اور کوکین پکڑی۔ انہوں نے وزیر کو ان مختلف اقدامات بارے بھی آگاہ کیا جو کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے اٹھائے گئے ہیں تا کہ فورس نئے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نبردآزما ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کی لعنت کے خاتمہ کیلئے حکومت کی انسداد منشیات کی پالیسی کے مطابق نئی حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورس کی تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ کراچی میں منشیات کی بحالی کے مرکز کو وسعت دی جا رہی ہے اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کا نیا مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی میں اب تک منشیات کے عادی 4ہزار افراد، کوئٹہ میں 5ہزار، کراچی میں 3ہزار اور اڈیالہ جیل میں 2ہزار افراد کا علاج کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ادارہ کی کامیابیوں اور پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات سے معاشرے کے وجود کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت سے نہ صرف ہماری نسل کا مستقبل خطرے میں پڑ جاتا ہے بلکہ اس سے ملک کی بھی بدنامی ہوتی ہے۔

انہوں نے منشیات کی روک تھام کے امتناع، منشیات کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف موثر طور پر مقدمات کیلئے ہر ممکن کوششیں اور اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے خاص طور پر ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس کے اس عزم اور جذبے کو سراہا جس سے وہ قوم کے وسیع تر مفاد میں کام لیتے ہوئے اپنی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ (اح)

متعلقہ عنوان :