ریونیو ڈپارٹمنٹ محصولات میں اضافہ کرے ، سرکاری محکموں سے واجبات کی وصولی کے لیئے حکمت عملی وضع کریں،منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،قطب الدین شیخ

بدھ 8 اپریل 2015 21:29

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ قطب الدین شیخ نے کہا ہے کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ محصولات میں اضافہ کرے ، سرکاری محکموں سے واجبات کی وصولی کے لیئے حکمت عملی وضع کریں اور حکومتی سطح پر رابطے کئے جائیں ، صارفین کے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ کیا جائے ، بلوں کی بروقت تقسیم ممکن بنائی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریونیو ڈپارٹمنٹ کی محکمہ جاتی بریفنگ کے دوران کیا ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ نادہندگان کے خلاف واٹربورڈ کے مقدمات کی سماعت کے لئے اسپیشل جج کی تعیناتی ناگزیر ہے جبکہ ریونیو افسران کو جرمانہ اور وارننگ کے اختیارات کی ضرورت ہے تاکہ نادہندگان کے خلاف عدم ادائیگی پر قانونی کارروائی کی جاسکے ، انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کچی آبادیوں سے بھی وصولی کو یقینی بنائیں اور واٹربورڈ کے دوسرے محکموں کا اشتراک و تعاون بھی حاصل کریں ، دریں اثناء ڈی ایم ڈی ریونیو محمد اسلم خان نے بریفنگ کے دوران ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایاکہ شعبہ ٹیکس کی انتھک کاوشوں کے باعث واٹر بورڈ کی ٹیکس وصولی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ہر ماہ تقریباً 12کروڑ سے بڑھ کر 16کروڑ وصول کئے جارہے ہیں مزید موثر اقدامات کی وجہ سے اس ماہ مزید بڑھنے کی امید ہے انہوں نے کہا کہ ایسی دکانوں فلیٹس اور دفاتر جوکہ واٹر بورڈ کے بڑے نادہندگان ہیں ان کو لیگل نوٹس بھی بھیجے جارہے ہیں نیز نادہندگان کیخلاف آپریشن بھی کیا جارہا ہے ، واٹربورڈ کے ٹیکس نادہندگان کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کرنے کا سلسلہ بھی تواتر کے ساتھ جاری ہے جبکہ صارفین کو وقتاًفوقتاً متنبہ کیا جارہا ہے ، ٹیکس نادہندگان کے خلاف آپریشن کے لئے مختلف سطح کی کمیٹیاں اور ڈسکنکشن ٹیمیں بنادی گئی ہیں جو مختلف ٹاوٴنز میں کارروائیاں کررہی ہیں ،شعبہ ٹیکس ریونیو کا عملہ نادہندگان سے ملاقاتیں کرکے انہیں بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کی تلقین اور ترغیب سے ادائیگی پر آمادہ بھی کررہا ہے ،رواں ماہ کے بلوں کے ساتھ قانونی نوٹس بھی بھجوائے جارہے ہیں اس سے قبل بھی نوٹس بھیجنے پر ریکوری میں اضافہ ہوا تھا جس کے بہتر اور مثبت نتائج جلد برآمد ہوں گے ، دریں اثناء ڈی ایم ڈی ریونیو نے ایم ڈی واٹربورڈ کو محکمہ کی ازسر نو تنظیم سازی اور ٹیکس وصولی میں حائل رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :