پاکباز اور باکردار لوگوں کی حکومت ہے۔صوبے کے عوام خود بخود مثبت تبدیلی محسوس کریں گے،میاں جمشید الدین

بدھ 8 اپریل 2015 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)خیبر پختونخواکے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ضلعی صدر پی ٹی آئی میاں جمشید الدین کا کا خیل نے بدھ کے روز نوشہرہ میں پارٹی کے مرکز ی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازگروپ اور پی پی پی کھوٹے سکے کے دو رخ ہیں اور صوبے کے عوام ان کے کرتوتوں سے براہ راست آگاہ ہیں۔پی ٹی آئی نے صوبے میں شفاف الیکشن سینٹ کرواکر سیاسی سوداگروں کو معاشی طور پر دیوالیہ کر دیا ہے جو اب کھوکھلے نعرے لگاکر ہم پر بے جاتنقید کرتے ہیں کیونکہ ان لوگوں کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے سے زیادہ مضبوط سیاسی قوت بن گئی ہے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات جیت کر تبدیلی اور ترقیاتی کاموں کاانقلاب برپاکردے گی اور مخالفین ہر محاذ پر ناکامی کامنہ دیکھیں گے کیونکہ بد امنی ،لاقانونیت،دہشتگردی اوربے روزگاری کا حل صرف اور صرف پی ٹی آئی کے پاس ہے انہوں نے کہا کہ قوم کے محفوظ مستقبل اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ مخلص اور باکردار لوگوں کی حکومت ہے اور ہمارے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں کیونکہ ہم کمانے کی بجائے عوامی خدمت کیلئے سوچتے ہیں اس لئے کارکن بلدیاتی انتخابات کیلئے عوامی مہم تیز کریں اور پی ٹی آئی کامنشور گلی گلی ،گھر گھر پہنچائیں تاکہ سیاسی بیداری یقینی بناکر ہم اپنی منزل مقصود پانے میں کامیاب ہو سکیں۔