جدید سائنسی خطوط پر تفتیش سے امن کا قیام اور جرائم کی مکمل بیخ کنی ممکن ہے،صوبے میں پولیس کے سکول آف انویسٹی گیشن کاقیام اس ضمن میں اہم پیش رفت ہے،گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان کا تقریب سے خطاب

بدھ 8 اپریل 2015 19:49

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش سے امن کا قیام اور جرائم کی مکمل بیخ کنی ممکن ہے اور خیبرپختونخوا میں پولیس کے سکول آف انویسٹی گیشن کاقیام اس ضمن میں اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار حیات آباد پشاور میں خیبرپختونخوا کے سکول آف انویسٹی گیشن کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آئی جی پولیس ناصرخان درانی نے گورنر کا سکول پہنچنے پر خیرمقدم کیا۔ گورنرکو سکول کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایاگیااور مختلف شعبوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاگیا جبکہ سکول کے پہلے کورس کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ گورنر سردار مہتاب احمدخان نے اپنے خطاب میں کہاکہ جدید خطوط پر تفتیش کا نظام رائج کرنے سے نہ صرف اس شعبے کی کمزوریوں اور کوتاہیوں کاخاتمہ ہوگا بلکہ جرائم سے متاثرہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں سہولت میسرہوگی اور عوام کا پولیس پراعتماد بڑھے گا۔

(جاری ہے)

گورنرنے صوبے میں پولیسنگ کے نظام میں بہتری لانے کیلئے آئی جی پی ناصر خان درانی کی تھوڑے عرصے میں ایک وژن کے ساتھ زیادہ اقدامات اٹھانے اوربہتری لانے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے اس بات پرخوشی کااظہارکیا کہ سکول آف انویسٹی گیشن میں صرف دس مہینوں میں 800 سے زیادہ پولیس آفیسرز کی تربیت کی گئی ہے۔ گورنرسردار مہتاب احمدخان نے پولیس کی تربیت میں پیشہ ورانہ بہتری لانے کے ساتھ ساتھ جوانوں کی اخلاقی تربیت پرتوجہ دینے پربھی زوردیا۔

گورنر نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس میں بہتری کی جانب جو تبدیلیاں لائی گئیں ہیں یہ پائیدار اور مستحکم ہونی چاہئیے اور پولیس سربراہ کی تبدیلی کی صورت میں بھی یہ پالیسیاں جاری رہنی چاہئیے۔ گورنرسردار مہتاب احمدخان نے خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں اور افسروں کی ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیوں کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ پوری قوم کو پولیس کی قربانیوں پرفخر ہے۔

تمام ترچیلنجوں کا کم وسائل میں شاندار مقابلہ کرنے اورقربانیاں دینا خیبرپختونخوا پولیس کا طرہ امتیازہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس، عوام اوردیگر فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب صوبہ، فاٹا اور پورا ملک ایک بار پھر امن کا وسکون کا گہوارہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :