دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں پرتنگ کردی گئی ہے ،ہماری بہادر افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں،ملک وقوم کی خاطر قربانی دینے والے آئی ڈی پیز کی امداد، باعزت واپسی اور بحالی کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں گے

بدھ 8 اپریل 2015 19:46

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ بہادر افواج کے شانہ بشانہ پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف اعلان جنگ کررکھاہے اور دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں تاریخی کامیابی حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے خیالات کا اظہارایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے قومی ایکشن پلان پر پیش رفت وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس خیبرپختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان کی صدارت میں منعقد ہ گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں صوبے کے وزیراعلی پرویزخان خٹک، کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان، چیف سیکرٹری امجدعلی خان،آئی جی فرنٹئیرکورمیجرجنرل طیب اعظم، آئی جی پولیس ناصردرانی، کمانڈنٹ فرنٹئیرکنسٹیبلری لیاقت علی خان،سیکرٹری داخلہ ارباب محمدعارف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا اور فاٹا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے ملک کی تمام سیاسی اورعسکری قیادت کے متفقہ مرتب کئے جانے والے نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ اہداف کے حصول کی حکمت عملی اور موثراقدامات پر غورکیاگیا۔اجلاس کے شرکاء کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن خیبرٹو کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس آپریشن کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاگیا کہ علاقہ سے بچے کھچے دہشت گردوں کے صفایا کے اہداف تیزی سے حاصل کئے جارہے ہیں نیز صوبہ خیبرپختونخوا اورفاٹا میں دہشت گردی کے لئے زیروٹالرنس کی پالیسی پرعمل کیاجارہاہے۔

اس موقع پر گورنر سردار مہتاب احمدخان نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور پاکستان کی سرزمین دہشت گردوں پرتنگ کردی گئی ہے۔ ایپکس کمیٹی کو قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے قبائل کی واپسی اور بحالی کے پہلے مرحلہ پرپیش رفت سے آگاہ کیا گیااور بتایاگیاکہ مقررہ پروگرام کے تحت ان ٹی ڈی پیز کی واپسی خوش اسلوبی سے جاری ہے جس کا اندازہ اس امر سے لگایاجاسکتاہے کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد ٹی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے مابین رابطہ اور اشتراک کار مثالی ہے۔

اس موقع پرگورنر سردارمہتاب احمدخان نے کہاکہ ملک وقوم کی خاطر قربانی دینے والے قبائلی ٹی ڈی پیز کی امداد، باعزت واپسی اور بحالی کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وفاقی حکومت یا کسی اور طرف سے رقوم کی آمدکا انتظار کئے بغیرضرورت پڑنے پر فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے ٹی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کیلئے مطلوبہ رقوم فراہم کی جائیگی۔

انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے اب تک 55 ارب روپے فراہم کئے جاچکے ہیں۔ اجلاس کے دوران صوبائی دارالحکومت پشاور کی سیکورٹی، عوام کو آمدورفت کی بہترسہولیات کی فراہمی اور افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے ناردرن بائی پاس روڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی اور وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی کہ اس اہم منصوبہ کی جلد ازجلد تکمیل کیلئے ضروری فنڈ فراہم کئے جائیں۔ اجلاس میں ممکنہ ہنگامی حالات سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے پشاور اور مردان میں پہلے قائم ریسکیو 1122 اداروں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ صوبہ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی جدید سازوسامان سے آراستہ ریسکیو 1122 کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :