Live Updates

صوبائی حکومت لوگوں کو سرکاری سکولوں کی جانب راغب کرنے کیلئے پرائیویٹ سکولوں کے برابر تعلیمی معیار، سہولیات کی فراہمی اور خودمختارنظم وضبط کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہی ہے، سرکاری محکموں اور اداروں میں سیاسی مداخلت اور سفارشی بھرتیوں نے تعلیم اور پولیس سمیت ہر شعبے کو تباہ کردیا،پی ٹی آئی نے برسراقتدار آتے ہی سیاسی مداخلت اور سفارش کو ختم کردیا جس کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا خصوصی سکول داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 8 اپریل 2015 19:46

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت لوگوں کو سرکاری سکولوں کی جانب راغب کرنے کے لئے پرائیویٹ سکولوں کے برابر تعلیمی معیار، سہولیات کی فراہمی اور خودمختارنظم وضبط کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں اور اداروں میں سیاسی مداخلت اور سفارشی بھرتیوں نے تعلیم اور پولیس سمیت ہر شعبے کو تباہ کیا ہے اسی لئے پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی سیاسی مداخلت اور سفارش کو ختم کیا ہے جس کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور آج سکولوں میں نہ صرف اساتذہ کی کمی پوری کر دی گئی ہے بلکہ نئے وضع کردہ مانیٹرنگ سسٹم کے باعث سکول میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری بھی 95فیصد تک پہنچ گئی ہے یہ باتیں انہوں نے بدھ کے روز گورنمٹ سیدحسنین شریف شہید ہائر سکنڈری سکول نمبر ایک پشاور میں خیبرپختونخوا خصوصی سکول داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیں مہم کے تحت 8سے 30اپریل 2015تک صوبہ بھر میں سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا اس کام کے لئے سکولوں کے اساتذہ، ایک سو سے زائدقومی اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں، بوائے سکاؤٹس اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنماؤں کا تعاون حاصل کیا گیا ہے افتتاحی تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم محمدعاطف خان نے بھی خطاب کیا جبکہ وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام، غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور اساتذہ و طلبہ کی کثیر تعدادنے بھی تقریب میں شرکت کی وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر ایک بچی کا نام داخلہ رجسٹرمیں درج کرکے داخلہ مہم کا افتتاح کیا وزیراعلیٰ نے خصوصی داخلہ مہم اور محکمہ تعلیم میں دیگر اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم جیسے اہم ترین محکمہ میں رونما ہونے والی تبدیلی سے غریب بچوں کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے اُنہوں نے کہا کہ فرائض میں عدم دلچسپی، سیاسی مداخلت اور سفارش کے کلچر سے غریب بچوں کا مستقبل محفوظ نہیں بنایا جا سکتا تھا چنانچہ ہم نے ایسے تمام منفی عوامل کا خاتمہ کرکے اساتذہ اور تعلیمی نظام کو بچوں کی تعلیم کے حوالے سے جوابدہ بنا دیا ہے جبکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے والے محنتی اور فرض شناس اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے پانچ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اساتذہ کے تبادلوں کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے اساتذہ کے تبادلوں کا کلچر بھی ختم کر دیا گیا ہے پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت صوبے میں یکساں نصاب تعلیم کیلئے پرعزم ہے تاکہ معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی معیاری تعلیم اور محفوظ مستقبل کے برابر مواقع سے انصاف مل سکے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نہ سوئی ہے اور نہ بے غم ہے بلکہ تمام محکموں خصوصاً بنیادی سہولتیں اور شہری خدمات فراہم کرنے والے اداروں کا قبلہ درست کرکے انہیں خود مختار ، خود کار اور شفاف طریقے سے خدمات مہیا کرنے کے قابل بنا رہی ہے اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل پورے ملک خصوصاً خیبرپختونخوا میں کوئی نظام موجود ہی نہیں تھا اس لئے نظام کو ٹھیک کرنے اور بعض نئے نظام وضع کرنے میں ہماری حکومت کو ڈیڑھ سال لگ گئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ ہم صوبے کی انتظامی گاڑی کو پٹڑی پر چڑھا رہے ہیں اور ہمارے ڈیڑھ سال کے اقدامات کے باعث آج سرکاری محکموں میں کسی کو رشوت طلب کرنے کی جرات نہیں ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں وہ تبدیلی اب واضح طور پر نظر آرہی ہے جس کیلئے عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے اور مستقبل قریب میں مزید تبدیلی بھی نظر آئے گی پرویز خٹک نے کہا کہ وہ رشوت، سفارش اور سیاسی مداخلت وغیرہ کے خلاف اسلئے سخت اقدامات کررہے ہیں کہ ان کا اپنا دامن ان آلائشوں سے پاک ہے اُنہوں نے کہا کہ اگر میں خود ٹھیک نہ ہوتا تو کسی دوسرے پر ہاتھ نہیں ڈال سکتا تھا اُنہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور سیاستدانوں سمیت معاشرے کا ہر فرد اپنے گریبان میں جھانک کر خود کو ٹھیک کردے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے اور تمام محکمے اپنا فرض اور حق ادا کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ صوبے میں وہ تبدیلی نہ آئے جس کا ہم نے عوام سے وعدہ کیا ہے انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ استادوں کے سیاسی اثر ورسوخ کے باعث صوبے کے دوردراز مقامات پر سینکڑوں سکول بھوت سکولوں میں بدل چکے تھے اُنہوں نے کہا کہ اب ہر سرکاری سکول میں 40-45 بچوں کیلئے ایک استاد تعینات کیا گیا ہے اُنہوں نے کہا کہ استادوں کو اس قدر تنخواہیں اور معاشرے میں عزت و مقام حاصل ہے کہ اُن کے پاس فرائض سے چشم پوشی کا کوئی جواز موجود نہیں جب حکومت سکولوں کی تمام ضروریات اور سہولیات پوری کررہی ہے تو اساتذہ کو بھی اپنا فرض ادا کرنا چاہیئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سرکاری سکولوں کو تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے اُنہوں نے کہاکہ دو ارب روپے کی لاگت سے اس سال 320 میں سے 200 ہائیر سیکنڈری سکولوں کی تمام ضروریات پوری کی جارہی ہیں جبکہ اگلے سال باقی سکولوں کو بھی یہ سہولیات مہیا کرنے کے علاوہ صوبے کے سرکاری سکولوں میں پانچ ہزار ٹائلٹ بھی تعمیر کئے جائیں گے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کیلئے تعلیم سے محروم بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا بہت اہم ہے اور اس اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بچوں کو سکول میں خود داخل کرنے کیلئے آئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ حکومت کم مراعات یافتہ طبقے پر توجہ دے رہی ہے اور سرکاری سکولوں کو پرائیوٹ سکولوں کے برابر لانے کے اقدامات کر رہی ہے اُنہوں نے کہا کہ اس کام میں ابھی بھی کافی دشواریاں درپیش ہیں لیکن ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوا اُنہوں نے بتایا کہ پورے صوبے کے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے 43 ارب روپے درکار ہیں جن میں سے رواں سال کیلئے آٹھ ارب روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کا معیار بہتر بنانے کیلئے ٹیچرز کی ٹریننگ اور دیگر اقدامات بھی کئے جارہے ہیں جبکہ سکول سے باہر رہنے والے زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرکے زیور تعلیم سے آراستہ کرنا بھی ہمارے اہداف میں شامل ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات