کراچی، حرمین شریفین کا تحفظ اور یمن میں مصالحانہ کردار اداکیاجائے،متحدہ علماء محاذ

بدھ 8 اپریل 2015 19:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں علامہ مرزایوسف حسین کی زیر صدارت یمن سیمینار کے مہمانان خصوصی مفتی فیروزالدین ہزاروی ، مولانا قاری اللہ داد، چیئرمین مولانا انتظارالحق تھانوی اورمختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ اور یمن میں مصالحانہ کردار اداکیاجائے۔

حرمین شریفین سمیت کربلا معلی و دیگر مقدس مقامات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یمن کی صورتحال سے امریکہ ،اسرائیل کو فائدہ اور بیت المقدس کی آزادی کو نقصان پہنچ رہاہے۔ پاکستان یمن تنازعہ میں جنگ کا حصہ بننے کی بجائے مسلم حکمرانوں کے ہمراہ سعودی عرب وایران کے درمیان مصالحانہ کردار اداکرے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں علماء نے قرارداد میں متفقہ طور پر کسی بھی مسلم ملک میں مسلح جدوجہد کو شرعاً حرام قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیااور سعودی عرب و ایران سے یمن کا افہام و تفہیم کے ذریعے پرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یمن تنازعہ کو شیعہ سنی کا رنگ نہ دیاجائے حوثی شیعہ نہیں زیدی ہیں۔

یمن میں مستقل قیام امن ،جنگ بندی اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے اقوام متحدہ کردار اداکرے۔حکومت عوامی امنگوں کے منافی کوئی بھی فیصلہ کرنے سے گریز کرے۔ افواج پاکستان کے ضرب عضب آپریشن کے شانہ بشانہ ہیں۔سیمینار سے محفوظ یار خان،علامہ فیروز الدین رحمانی،علامہ شیخ سکندر حسین نور بخشی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،مفتی فیصل عزیزی،علامہ شاہدین اشرفی،علامہ علی کرار نقوی،مولانا منظر الحق تھانوی، اے اے فریدی،مولانا محبوب ، علامہ محسن اشراقی نوربخشی،مولاناقاری محمد یوسف ودیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :