ضمنی انتخابات کیلئے ایسی ایسی جماعتیں منظر عام پر آگئی ہیں جنہوں نے کبھی کراچی کے عوام سے محبت نہیں کی ،کنور نوید جمیل

بدھ 8 اپریل 2015 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے حلقہ این اے 246کیلئے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل نے گزشتہ روز ایف سی ایریا اور غریب آباد میں علیحدہ علیحدہ منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ این اے کے حق پرست عوام گزشتہ متعدد الیکشن سے حق پرست امیدوار کو منتخب کر تے آ ر ہے ہیں جو عوام کی الطا ف حسین سے والہانہ محبت کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسی حلقے میں الطاف حسین کی رہائشگا ہ اور تحریک کے ہزاروں شہداء کی یادگار موجود ہے جنہوں نے ملک کے مظلوم و محروم قوم کی فلا ح و بہبو د کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔اس موقع پر ایم کیویم رابطہ کمیٹی کے اراکین عارف خان ایڈوکیٹ ،عظیم فاروقی اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید وقار حسین شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ضمنی انتخابات کیلئے ایسی ایسی جماعتیں منظر عام پر آگئی ہیں جنہوں نے کبھی کراچی کے عوام اور بالخصوص حلقہ این اے 246کے مظلوم عوام کے حق کی نہ تو کبھی با ت کی ہے اور نہ ہی کراچی کے عوام سے محبت کی ہے،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کبھی عدلیہ ، کبھی سیاستدانوں گالیاں دیتے ہیں تو کبھی عوام کو گالیاں دیتے ہیں ، انکا کوئی عوامی منشور نہیں ہے بلکہ انکا منشور صرف اقتدار کا حصول ہے چاہے وہ کیسے بھی حاصل ہو۔

انہو ں نے کہاکہ پاکستا ن تحریک انصاف کے پاس حلقہ این اے 246میں کامیابی کی امید ختم ہو چکی ہے جس کے سبب اس جماعت کے سربراہ اور رہنما اشتعال انگیزی پر مبنی تقاریر کرکے انتخابات سے قبل امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں جس کو عوام اپنے اتحاد و یگانگت سے ناکام بنا دیں گے ۔انہوں نے میٹنگوں میں شریک عوام سے اپیل کی کہ وہ خود بھی بڑی تعداد میں ضمنی انتخابات میں پتنگ پر مہر لگائیں اور یہی پیغام اپنے محلے اور حلقہ میں موجود احباب تک پہنچائیں انشاء اللہ 23اپریل کی شام حق پرستوں کیلئے ایک اور عظیم فتح کی شام ہوگی ۔

کارنر میٹنگ سے حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید وقار حسین شاہ نے بھی خطاب کیا اور عوام سے این اے 246کے ضمنی انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے پتنگ پر مہر لگانے کی استدعا کی ۔ قبل ازیں کنور نوید جمیل نے ایف سی ایریا میں الیکشن کیمپ کا افتتاح کیا اور افتتاح میں شریک بہن ، بیٹیوں میں چوڑیاں اور مہندی تقسیم کی۔ اس موقع پر عوام نے حق پرست نامزد رکن کنور نوید جمیل اورحق پرست اراکین اسمبلی کو حلقہ این اے 246کے ضمنی انتخابات میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور الطاف حسین کی درازی ٴ عمر و صحت و تندرستی کیلئے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :