پسماندہ علاقوں کی فلاح و بہود اور ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،شیخ آفتاب احمد

معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہر حلقے میں برابری کی سطح پر ترقیاتی کام شروع کردیئے گئے ہیں،اجلاس سے خطاب

بدھ 8 اپریل 2015 19:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی فلاح و بہود اور ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ وہ اسلام آباد میں پاک ایم ڈی جی (PAK MDGs) کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ہر حلقے میں برابری کی سطح پر ترقیاتی کام شروع کردیئے گئے ہیں۔اجلاس میں شامل مختلف محکموں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ اس پروگرام کے بارے میں وزیراعظم پاکستان بہت سنجیدہ ہیں اوراُن کی ہدایت ہے کہ اس پروگرام کے تحت جاری منصوبے جلد سے جلد پایا تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام کو ان منصوبوں سے خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں اور اُن کے مسائل حل ہوں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں ۔ متعلقہ محکمے ایم این ایز سے ساتھ مل کر ان منصوبوں پر کام کررہے ہیں جن میں بجلی ، گیس ، سڑکیں ، گلیات ، سیوریج کا سسٹم ، سکولز ، ہسپتال ، پینے کا صاف پانی وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے ادوار میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اگر اس میں فنڈ کی کمی یا کوئی اور مسائل درپیش ہوں ان سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں ے مزید کہا کہ اس رقم کو شفاف طریقے سے علاقہ کے معززین کے ذریعے عوام کے فلاح و بہبود کے لیے مہیا کر دی گئی ہے ۔ اس میں چیک اینڈ بیلنس کا باقاعدہ نظام بھی رکھا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی شکایت کا کوئی خدشہ نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ اس حوالے سے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز اور ممبران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تمام مشکلات اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کریں اور جاری منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی کام کی رفتار سے بھی مطلع کریں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ضرورت کے مطابق ترقیاتی کاموں کو چیک کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً کمیٹی ممبران دورہ بھی کریں گے ۔اجلاس میں ایم این اے راجہ جاوید اخلاص، وزیر برائے مذہبی امور و اقلیتی امور سردار محمد یوسف، کیپٹن ( ر) محمد صفدرکے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری حضرات ، محکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔