کم عمر بچوں کی شادی کرانا ایک قابل سزا جرم ہے،آئی جی سندھ

ایس ایچ اوز عوام میں کم عمر بچوں کی شادی کیخلاف سندھ حکومت ایکٹ 2013کی با بت شعور اجاگر کریں،غلام حیدر جمالی

بدھ 8 اپریل 2015 18:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ کم عمر بچوں کی شادی کرانا ایک قابل سزا جرم ہے۔ صوبائی حکومت کے ایکٹ 2013کے تحت کم عمر بچوں کی شادی میں ملوث ولدین دیگر رشتہ داروں یا کسی جرگہ پنچائت کے ارکان /سہولت کاروں کے خلاف قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات بدھ کو سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دیں ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ کم عمر بچوں کی شادی کے حوالے سے کسی بھی درخواست /شکایات یا اطلاعات پر پولیس فوری ایکشن لے اور ایف آئی آر درج کرے۔ کم عمر بچوں کی شادی کے خلاف قانون کو نافذ العمل بنانے کے لیے تمام تر غیر جانبدارانہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز عوام الناس میں کم عمر بچوں کی شادی کے خلاف سندھ حکومت ایکٹ 2013کی با بت شعور اجاگر کریں اور اس حوالے سے خصوصی مہم کا آغاز کریں۔ محکمانہ فرائض سے پہلو تہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ عذر یا پس و پیش کی صورت میں انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی شادی کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کا ایکٹ 2013خوش آئند ہے ۔

متعلقہ عنوان :