خیبر پختونخوا میں سکول نہ جانیوالے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے گھر آیا استاد مہم کا آغاز

غریب امیر کا فرق مٹانے کیلئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ایک ہی نصاب لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،پرویزخٹک

بدھ 8 اپریل 2015 18:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا میں سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے گھر آیا استاد مہم کا آغاز کردیا ہے ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ غریب امیر کا فرق مٹانے کے لئے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ایک ہی نصاب لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ۔ حسنین شریف شہید ہائر سیکنڈری سکول نمبر ۱ پشاور میں صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف کے ہمراہ ،گھر آیا استاد مہم کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکمرانی کرنے والے اگر ذاتی مفادات پر تعلیم کو ترجیح دیتے تو آج صوبے میں سرکاری سکولوں کا معیار تعلیم کسی طور نجی تعلیمی اداروں سے کم نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اربوں روپے سرکاری سکولوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی اور معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے خرچ کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

جسکا مقصد غریب امیر کا فرق مٹانا اور ناخواندگی کی شرح میں کمی ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں بتایا کہ صوبے میں پانچ ہزار سرکاری سکولوں کی چار دیواری نہیں ہے جسکی تعمیر جلد یقینی بنائینگے ، سکولوں کی حالت زار اور معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے 43 ارب روپے درکار ہونگے تاہم فی الوقت ساڑھے آٹھ ارب دے دیئے جاچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ گھر آیا استاد مہم کے زریعے صوبے کے آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو سرکاری سکولوں میں مفت داخلے دئے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :