لوڈ شیڈنگ ہر ممکن حد تک کم سے کم کرکے خالی آسامیوں کو جلد از جلد پر کیا جائے،امیرمقام

ہمارا کام صرف پوسٹنگ ،ٹرانسفرز نہیں عوام کو ریلیف دینا ہے ،پیسکو حکام خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کیلئے قائم ورکشاپس کی کارکردگی بہتر بنائی، مشیر وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب

بدھ 8 اپریل 2015 18:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے پیسکو حکام کو ہدایت کی ہے کہ لوڈ شیڈنگ ہر ممکن حد تک کم سے کم کرکے خالی اسامیوں کو جلد از جلد پر کیا جائے ،اور خراب ٹرانسفارمرز کی فوری تبدیلی اور مرمت کو یقینی بنایا جائے ،وہ پشاور میں پیسکو ہیڈکوارٹر میں پیسکو کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام متعلقہ افسران شریک ہوئے ،اور انہیں پیسکو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ انہیں احساس ہے کہ پورے ملک میں بجلی کی کمی ہے لیکن بعض علاقوں میں ناروا لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ،انہوں نے پیسکو حکام کو دوٹوک الفاظ میں ہدایت کی کہ جس حد تک ممکن ہو لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جائے ،اور ہر فیڈر کو ایک مخصوص وقت کیلئے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کا مسئلہ درپیش نہ ہو ،انہوں نے کہا کہ اسی طرح پیسکو میں جو ہزاروں اسامیاں خالی ہیں انہیں ہنگامی بنیادوں پر پر کیا جائے ،تاکہ غریب عوام کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پیسکو کی کارکردگی بھی بہتر بنائی جاسکے ،انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی بھی سرانجام دے سکیں ،انہوں نے ہدایت کی کہ جن گرڈ سٹیشنوں اور فیڈرز پر کام کی رفتار سست ہے اسے تیز کیا جائے ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ان سے خیبر پختونخوا کے عوام اور وزیر اعظم پاکستان نے جو توقعات وابستہ کی ہیں وہ پیسکو حکام کے بھر پور تعاون سے ممکن ہوں گی ، لہذا ہمیں ایک ٹیم بن کر ایک نئے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ہمارا کام صرف پوسٹنگ اور ٹرانسفرز نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینا ہے ،انہوں نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ ہر ضلع میں خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کیلئے جو ورکشاپس قائم کی گئی ہیں ان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے ،اور خراب ٹرانسفارمرز کو ہر صورت دو سے تین روز کے اندر اندر تبدیل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :