علماء کرام کا وفاقی اردو یونیورسٹی میں بیرونی مداخلت پراظہار تشویش

جامعہ اسلامیہ کلفٹن میں علماء کرام کا اجلاس،گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ،وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال سے اظہار یکجہتی

بدھ 8 اپریل 2015 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) جامعہ اسلامیہ کلفٹن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کا ایک نمائندہ اجلا س جامعہ کے ناظم تعلیمات مفتی ابوذر محی الدین کی زیر صدارت منعقد ہو ا جس میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال کے علم دوست اقدامات ،ان کی خدمات پر بھر پور اعتماد اوریونیورسٹی میں بیرونی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ابو ذر محی الدین نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ سے مفاد پرست اورناعاقبت اندیش عناصر وفاقی اردو یونیورسٹی کے معاملات میں بے جا مداخلت کر کے تعلیمی ماحول کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کی مداخلت سے جہاں درس وتدریس کا ماحول متاثر ہورہاہے وہیں علم دوست احباب اور طلبہ میں بھی تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مفتی ابوذر محی الدین نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ظفر اقبال کی تعلیمی خدمات اور ان کے آنے کے بعد یونیورسٹی کے معیار تعلیم میں بہتری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اور اہل مدارس کے لئے ایم اے کی ڈگری کا اعلان بھی ان کی علم دوستی کا ایک روشن باب ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم وتربیت کے موجودہ مایوس کن حالات کا تقاضاہے تمام جامعات اور اساتذہ متحد ہوکر تعلیمی انقلاب برپا کریں اور سازشی عناصر کے عزائم کو ناکام بنائیں۔

اجلاس میں استاذ الحدیث مولانا کمال الدین المسترشد ،مولانا نوید افسرخان،مولانا عطاء الرحمن ،مولانا عبدالاسلام،مولانا عبدالستار سگھروی،مولانا عابد علی، مولانا ایاز محمود،مولانا محمدعارف،مولانا محمد زریں اورمولانا اسد علی سمیت شہر قائد کے درجنوں علماء کرام نے شرکت کی اور ڈاکٹر ظفر اقبال کی تعلیمی خدمات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

علماء کرام نے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے پرزور مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے معاملات میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی مداخلت کا نوٹس لیں اور معاملے کی تحقیقات کراکے اساتذہ اور طلبہ میں پائی جانے والی تشویش کا ازالہ کریں۔اس موقع پر علماء کرام نے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال سے اظہاریکجہتی کیا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :