سندھ کی انتظامی زبوں حالی کا اصل سبب کرپشن زدہ نظام ہے،علی اکبر گجر

پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کو کرپشن فری صوبہ بنانے کے لئے بہت جلد عوامی رابطے کا آغاز کرے گی،نائب صدر ن لیگ سندھ

بدھ 8 اپریل 2015 18:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) سندھ کی انتظامی زبوں حالی کا اصل سبب کرپشن زدہ نظام ہے جہاں ملازمتیں خریدی اور بیچی جا رہی ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کو کرپشن فری صوبہ بنانے کے لئے بہت جلد عوامی رابطے کا آغاز کرے گی․ حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت صوبے کے نوجوانوں کے جائز حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑنے کو تیار ہے․ سندھ میں سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت جاری رہی تو سندھ کا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہو جائے گا․پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکستان میں میرٹ کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے․ پنجاب کی طرح بقیہ تمام صوبوں کے اعلی تعلیمیافتہ نوجوان طبقے کو سرکاری ملازمتں خریدنے کی بجائے میرٹ پر تعینات کرنا ہماری جماعت کے انتخابی منشور کا اہم جزو ہے․پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے اندرون سندھ سے آئے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کی جانب سے سندھ پولیس میں ملازمتوں کی فروخت کی شکایات سننے کے بعد کہا کہ سندھ حکومت میں سرکاری ملازمتوں کی فروخت قابل مذمت ہے ․صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور رینجرز کی معاونت کرنے کی بجائے صوبائی حکمران سندھ کے نوجوانوں کے مستقبل کی بولیاں لگانے میں مصروف ہیں․ کراچی سے لیکر کشمور تک عوام الناس میں یہ بات زبان زد عام ہے کہ محکمہ پولیس اور سندھ کے دیگر سرکاری اداروں میں ملازمتوں پر تقرری کی مبینہ قیمت تین لاکھ سے شروع ہو کر دس لاکھ تک پہنچ چکی ہے․ سندھ کے محنت کشوں ، مزدوروں اور متوسط طبقے کے اعلی تعلیمیافتہ نوجوان ملازمت کے حصول کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جب کہ حکمرانوں کے عزیز و اقربا سندھ کی سرکاری ملازمتیں خرید کر سندھ کے جائز حقداروں کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاق اور پنجاب میں شفاف پالیسیوں کی وجہ سے وفاقی اور پنجاب کے سرکاری اداروں میں میرٹ کے بغیر کوئی تعیناتی ممکن نہیں رہی․ پنجاب میں بالخصوص وزیر اعلی میاں محمد شہباز شریف کی ذاتی کوششوں اور نگرانی کی وجہ سے میرٹ کو فروغ مل رہا ہے جبکہ وفاق میں سابق حکمرانوں کی باقیات کی کرپشن زدہ پالیسیوں سے چھٹکارے پر بتدریج عمل جاری ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ سندھ میں گذشتہ ایک دہائی سے سرکاری اداروں کو ذاتی پراپرٹی سمجھ کر استعمال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے اعلی تعلیمیافتہ بچے اور بچیاں رشوت ادا نہ کر سکنے کی وجہ سے اپنے جائز حق سے محروم رکھے جا رہے ہیں جبکہ کرپٹ اشرافیہ کی کرپشن کا پیسہ سرکاری ملازمتیں خریدنے پر استعمال ہو رہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ میں صاف و شفاف مشینری کی تعیناتی کے لئے صوبائی اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کا مطالبہ کرتی ہے اور سندھ کے عوام سے اپیل کرتی ہے کہ کشمور سے کراچی تک جہاں بھی سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت کے واقعات سامنے آئیں ہماری صوبائی قیادت سے ضرور رابطہ کریں تاکہ سندھ کے اعلی تعلیمیافتہ نوجوان طبقے کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنانے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے․