ہنگو،مسلم لیگ(ن) نے بلدیاتی اکھاڑے کے لیے طاقتور امیدوار سامنے لانے کا اعلان کر دیا

تبدیلی کے دعویداروں کے لیے تیس مئی یوم حساب ہو گا،مسلم لیگ(ن) ہی عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے گی،الحاج فرید مفکر

بدھ 8 اپریل 2015 18:05

ھنگو( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) مسلم لیگ(ن) نے بلدیاتی اکھاڑے کے لیے طاقتور امیدوار سامنے لانے کا اعلان کر دیا،تبدیلی کے دعویداروں کے لیے تیس مئی یوم حساب ہو گا،مسلم لیگ(ن) ہی عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے گی،نئے پاکستان بنانے کے دعویدار سن لیں،نیا خیبر پختون خواہ (ن) لیگ بنائے گی،مسلم لیگ(ن) ضلع ھنگو کی تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل کونسلوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سینئر نائب صدر الحاج فرید مفکر،ضلعی جنرل سکریٹری عبدالواحد اورکزئی،سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک خالد نعیم اورکزئی،ملک جاوید اقبال،سید جمال اورکزئی، سیف الرحمان بنگش ،ملک وحید بنگش،طور حاجی اور دیگر مقررین نے مسلم لیگ(ن) کے ضلعی ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ممتاز مسلم لیگی رہنماء صفت اللہ المعروف گلون کے حجرے دوآبہ میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں ضلع بھر سے کارکنوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

کنونشن میں بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کے لیے تفصیلی مشاورتی عمل کیا گیا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی سینئر نائب صدر الحاج فرید مفکر،عبدالواحد اورکزئی،سیف الرحمان،سید جمال اور دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے جس کی جڑیں زمین میں ہیں حادثاتی سیاستدان کسی صورت مسلم لیگ کی جگہ نہیں لے سکتے،مقررین نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے نئے خیبر پختون خواہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اور مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں صوبہ بھر میں کامیابی حاصل کر کے نئے صوبے کی بنیاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع ھنگو میں مسلم لیگ ڈسٹرکٹ کونسل ،تحصیل کونسل سمیت تمام نشستوں پر اپنے امیدوارکھڑے کرئے گی۔اور بھر پور کامیابی حاصل کرئے گی۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ اراکین اسمبلی نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔

یہی وجہ ہے کہ ھنگو کے عوام تیس مئی کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں تاکہ موجودہ ھنگو کے اراکین اسمبلی کا احتساب کیا جا سکے۔کنونشن میں مختلف نشستوں پر انتخاب لڑنے والے مسلم لیگی ورکرز سے کہا گیا کہ وہ ضلعی صدر اور جنرل سکریٹری کے پاس درخواستیں جمع کرائیں تاکہ میرٹ پر امیدواروں کی حتمی فہرست مرتب کی جا سکے۔کنونشن میں مسلم لیگی ورکرز نے دل کھول کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بلدیاتی انتخابات میں دیگر پارٹیوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈ جسمنٹ سمیت دیگر امور پر مشورے بھی دئے۔

متعلقہ عنوان :