سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 263 خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ، افغانستان کوجانیوالے درہ مستول پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے

آپریشن کے دوران 36 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا، 392 بارودی سرنگوں کو سپیس انجینئرز یونٹ کی طرف سے ناکارہ بنایا جا چکا ہے، آرمی چیف کو بریفنگ

بدھ 8 اپریل 2015 17:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور امن کے قیام تک دہشتگردوں کیخلاف آپریشنز جاری رہیں گے ، قوم پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انکے ساتھ کھڑی ہے ، اپنے علاقوں سے دہشتگردوں کو نکالنے میں قبائلی بھائیوں کا تعاون لائق تحسین ہے ، دہشتگردوں کو ان علاقوں میں واپس نہیں آنے دینگے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن کے سلسلہ میں اگلے مورچوں کا دورہ کر کے آپریشن میں شریک فوجیوں سے ملاقات کی اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے اب تک ہونیوالی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آرمی چیف کو دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وادی تیراہ ، خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی طرف سے کی گئی کارروائیوں میں اب تک 263 خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ افغانستان کوجانیوالے درہ مستول پر سیکیورٹی فورسز نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے سربراہ کو بتایا گیاکہ دہشتگردوں کو اپنے محفوظ ٹھکانوں سے نکل کر افغان سرحد کے قریب دو چھوٹے علاقوں میں محصور ہونے پر مجبور کر دیا گیا ہے اور انکے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے جہاں سے وہ کہیں فرار نہیں ہو سکتے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ علاقہ میں زیادہ تر غیر ملکی ساخت کی بارودی سرنگیں بچھی ہوئی تھیں اب تک 392 بارودی سرنگوں کو سپیس انجینئرز یونٹ کی طرف سے ناکارہ بنایا جا چکا ہے ۔

پاک فوج کے سربراہ کو آگاہ کیا گیا کہ آپریشن کے دوران 36 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا چیف آف آرمی سٹاف نے فوجیوں کی عظیم قربانیوں کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا اور آپریشن کے دوران حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ان آپریشنز پر اسی رفتار سے کام جاری رکھا جائے اور ان آپریشنز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ہم ملک بھر سے دہشتگردی کو مکمل طور پر جڑ سے نہیں اکھاڑ دیتے اور امن قائم نہیں ہو جاتایہ آپریشنز جاری رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انکے ساتھ کھڑی ہے ۔ اس موقع پر آرمی چیف نے اپنے علاقوں سے دہشتگردوں کو نکالنے کیلئے مکمل حمایت پر قبائلی بھائیوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو ان علاقوں میں واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :