راولپنڈی،عدالت نے محکمہ سوئی گیس کو عوام کی سہولت کیلئے پائپ لائن بچھانے کی اجازت دے دی

بدھ 8 اپریل 2015 17:14

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) سول جج نور محمد بسمل تارڑ نے عوامی نوعیت کے اہم ترین مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ سوئی گیس کو عوام کی سہولت کے لیے پائپ لائن بچھانے کی اجازت دے دی ۔تفصیلات کے مطابق غوث اعظم روڈ(سابق چکری روڈ ) پر واقع حلقہ پی پی 6کی یونین کونسل 86لکھن کی مختلف آبادیاں لالہ رخ کالونی خالد بن ولید کالونی ،نیازی محلہ ،ڈھوک لولیاں و دیگرملحقہ علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی اور لو پریشر کے مسائل سے اہالیان علاقہ سخت اذیت میں مبتلا تھے،اس حوالے سے محکمہ گیس نے سروے کے بعد ان علاقوں کو گیس کی متبادل پائپ لائن رنیال /جسپال گیس ٹرمینل(ایس ایم ایس ) سے فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی تاہم مقامی سی این جی مالکان محمد اکرم ضیاء وغیرہ نے مذکورہ پائپ کے خلاف حکم امتناعی حاصل کر لیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یونین کونسل 86کے سابق کونسلر اور سماجی شخصیت ملک یاسر عرفات نے شق 110کے تحت مقدمے میں فریق بننے کی اپیل کی جسے منظور کر لیا گیا ،ملک یاسر عرفات کے وکلاء ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ ،سردار نثار احمد خان ایڈووکیٹ اور راجہ فیاض احمد عباسی نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالہ جات سے ثابت کیاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں روڑے اٹکانا صریحاً بدنیتی ہے اور فریق اول کسی صورت گیس پائپ لائن کو ذاتی نہیں قرار دے سکتے ۔

دلائل کی روشنی میں سول جج نور محمد بسمل تارڑ نے گیس پائپ لائن پر جاری حکم امتناعی فوری ختم کرتے ہوئے محکمہ سوئی گیس کو نئی پائپ لائن بچھانے کی ا جازت دے دی ۔شہری کی حیثیت سے مقدمے میں فریق بننے والے سابق کونسلر ملک یاسر عرفات نے فیصلے کے بعد کہا کہ یہ عوام کی جیت ہے اور اب انشاء اللہ نئی پائپ لائن بچھنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی ہو جائے گی اور کم پریشر کے مسائل بھی ختم ہو ں گے ۔

متعلقہ عنوان :