سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس مکراچی کے مختلف اضلاع میں 6 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ

بدھ 8 اپریل 2015 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) حکومت عوام کو کچرے اور آلودگی سے پاک صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی زیر نگرانی کراچی کے مختلف اضلاع میں 6 گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز قائم کرے گی جبکہ ہر اسٹیشن سات سے آٹھ ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا ۔ یہ فیصلہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی روشن علی شیخ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں بورڈ کے سیکریٹری ڈاکٹر نصرت علی پنہور ‘ تمام ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے علاوہ ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ محمد شبیہ صدیقی بھی شریک تھے ۔ ایم ڈی روشن علی شیخ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری سندھ کی خصوصی ہدایت ‘ دلچسپی اور رہنمائی میں صوبے کو صاف ستھرا بنانے اور عوام کو صاف ستھرا اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومتی اقدامات جاری ہیں اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا قیام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے ٹھوس کچرے کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے اور اسے کارآمد بناکر حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنے کے لئے کورنگی کازوے ملیر ندی ‘ میوہ شاہ قبرستان کے نزدیک ‘ شرافی گوٹھ لیاری ایکسپریس وے کے نزدیک ‘ سہراب گوٹھ نزد لیاری ایکسپریس وے ‘ عیسیٰ نگری نزد لیاری ایکسپریس وے اور صفورہ گوٹھ کے نزدیک جی ٹی ایس قائم کئے جائیں گے ۔

روشن علی شیخ نے کہا کہ گابیج ٹرانسفر اسٹیشن کے قرب و جوار کے علاقے کے عوام کو مچھر ‘ مکھیوں ‘ نقصان دہ کچرے اور ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے جی ٹی ایس کو مکمل طور پر کورڈ بنایا جائے گا جبکہ یہاں پر کام کرنے والے ورکرز کے لئے خصوصی لباس بنایا جائے گا جسے پہننا لازمی ہوگا ۔ اس کے علاوہ وینٹی لیٹرزکے ذریعے صاف اور تازہ ہوا کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

روشن علی شیخ نے کہا کہ جی ٹی ایس میں آنے والے ٹھوس کچرے کو مختلف کیٹگریز میں علیحدہ کیا جائے گا جبکہ کمپوسٹنگ پلانٹ اور آرڈی ایف پلانٹس کے ذریعے کچرے سے ٹھوس ایندھن اور کھاد بھی تیار کی جائے گی ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ نے اجلاس کے موقع پر ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم کے قیام کی منظوری دی جو کہ سندھ کے مختلف شہروں میں لینڈ فل سائیٹ کے لئے جگہ تلاش اور اس کی نشاندہی کرے گی اور ایم ڈی کو 10 روزکے اندر تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرے گی ۔

روشن شیخ نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے بڑے شہروں کے علاوہ چھوٹے شہروں یا ٹاؤن میں لینڈ فل سائٹ کے لئے ایسے مقامات کا چناؤ کیاجائے جو کہ تین یا چار مختلف شہروں اور ٹاؤن کا سینٹرل پوائنٹ ہو‘تا کہ چھوٹے شہروں اور ٹاؤن کو صاف ستھرا رکھنے میں لینڈ فل سائٹ مفید اور کار آمد ثابت ہو اور ٹھوس کچرے کی مینجمنٹ میں آسانی بھی پیدا ہو ۔

متعلقہ عنوان :