بجلی بحران ،حکومت کا موسمِ گرما میں مارکیٹس رات 8 بجے ، شادی ہال 10، ریسٹورنٹس 11 بجے بندکرنے کا فیصلہ

بدھ 8 اپریل 2015 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ پنجاب بھر میں شادی ہالز،مارکیٹیں ،عام بازار شیڈول کے مطابق بند اورکھولے جائیں گے،جبکہ اس ضمن میں تاجر برادری کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے وفاق کے فیصلوں پر سو فیصد عمل درآمد کی یقین دہانی کرا د ی ہے۔وزیر اعظم نے وزارت پانی و بجلی کوبغیر شیڈول لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر تے ہوئیپی ایس او کو ایک حکمت عملی کے تحت ادائیگیا ں کی جائیں تاکہ تیل کی وجہ سے بجلی پلانٹس بند نہ ہوں ،وزار ت خزانہ اور وزارت پٹرولیم کو بھی تعاون کی ہدایت کی ہے ۔

گزشتہ روز بدھ کو وزیر اعظم ہاوس میں وفاقی کابینہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وفاقی وزراء خواجہ آصف ،شاہد خاقان عباسی اسحاق ڈار،احسن اقبال،عابد شیر علی ،جام کمال شاہ،طارق فاطمی،مصدق ملک ،سرتاج عزیز ،سمیت وزارت خزانہ ،پٹرولیم اور پانی و بجلی کے دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں توانائی اور ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی کے گزشتہ روز کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موسم گرما میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے رات 8 بجے مارکیٹس کو ہر صورت بند کرناہو گا جبکہ شادی ہال 10، ریسٹورنٹس 11 بجے بند کئے جائیں گے ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں بھی اسی پلان پر عملدرآمد کیا جائیگا۔وزیر اعظم نے اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کو ہدایت کی کہ شیڈول کے بغیر لوڈشیڈنگ ہر صورت بند کرانے کے اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان اسٹیٹ ائل کے ساتھ تمام ادائیگیوں پر ایک طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ پلانٹس چلتے رہیں اس موقع وزیراعظم نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بھی ہدائت کی کہ گرمیوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائے اور پی ایس او کے ساتھ ایک حکمت عملی کے تحت ادائیگی کی جائے۔وزیر اعظم کو اجلاس میں گزشتہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق بتایا گیا کہ ان میں جو فیصلے کیے گئے تھے ان پر عمل درآمد رپورٹ بھی دی گئی۔

ایل این جی پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ایک ٹرمینل قائم کیا گیا ہے اور اس منصوبے سے پاکستانیوں کمپنیوں نے ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ہے۔3600میگا واٹ بجلی کے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے میاں نواز شریف نے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ اس میں سستی نہیں ہونی چائیے۔اجلاس میں بجلی کی قیمتوں کو کنٹرول اور صنعتوں کے آڈٹ اور انکے تحفظ کی بھی منظوری دی گئی ہے،گرمیوں میں استعمال ہونے والے ائرکنڈیشنرز ،موٹریں،ریفریجٹرز،واشنگ مشین اور یوپی ایس سمیت دیگر بجلی پر چلنے والے آلات پر ایک اگاہی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بجلی کم سے کم استعمال کی جاسکے۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اجلاس میں کہا کہ ہمیں مل بیٹھنے کا فائدہ تب ہو گا جب فیصلوں جلد از جلد عمل درآمد ہو گا ۔ملک شدید انرجی بحران کا شکار ہے اور اسکو اس دلدل سے نکالنے کے لیے حکومت کو دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ قوم جلد اندھیروں سے مکمل نجات حا صل کر لے گی اور حکومت قوم کی مشکلات سے بخوبی اگاہ ہے اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک انرجی بحران سے مکمل چھٹکارہ نہیں مل جاتا

متعلقہ عنوان :