وزیر اعظم کی بحران پر قابو پانے کیلئے توانائی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 8 اپریل 2015 14:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)وزیر اعظم نوا زشریف نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ملک میں فوری طو رپر توانائی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ مارکیٹیں رات آٹھ بجے ، شادی ہالز دس بجے اور بڑے ہوٹل رات 11بجے بند کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔بدھ کو و زیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

جس میں کابینہ توانائی کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیکرٹری پانی و بجلی، اقتصادی راہداری منصوبوں کی مسلسل نگرانی کریں، بجلی کی بچت کیلئے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ رابطہ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ 3600میگا واٹ کے کمبائن سائیکل بجلی گھر بروقت مکمل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ عوام میں بجلی کی بچت کا شعور اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور بجلی کی بچت کے اقدامات کا نفاذ پنجاب میں بھی کیا جائے، بجلی بچت کے حوالے سے پنجاب دیگر صوبوں کیلئے مثال بنے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس او کو ادائیگیوں کی جامع حکمت عملی وضع کی جائے اور مائع قدرتی گیس منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بچت کے اقدامات سے سینکڑوں میگا واٹ بجلی بچ جائے گی، کم توانائی استعمال کرنے والے آلات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دار الحکومت میں تمام دکانیں رات آٹھ بجے جبکہ شادی ہالزرات 10 بجے اور ریستوران رات 11بجے بند کر دیئے جائیں گے اور اِس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے فریقین اور انتظامیہ کے درمیان جلد ہی اجلاس بلاکر لائحہ عمل طے کیاجائے گاتاہم گھریلو صارفین کو کم سے کم لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑے۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک ایل این جی ٹرمینل قائم کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرا جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا، پاکستانیوں نے ان منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔(اح)اجلاس میں پانی وبجلی کے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف ، وزیر خزانہ اسحق ڈار ، پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی اور منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شرکت کی۔