سپریم کورٹ، اصغر خان نظرثانی کیس میں وفاقی حکومت نے درخواست واپس لے لی

بدھ 8 اپریل 2015 13:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) سپریم کورٹ میں آئی ایس آئی کی جانب سے مبینہ طور پر آئی جے آئی بنانے کے حوالے سے اصغر خان نظرثانی کیس میں وفاقی حکومت نے اپنی نظرثانی کی درخواست واپس لے لی ۔ وفاقی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے عدالت کو بتایا ہے کہ اب حکومت تبدیل ہو چکی ہے اور موجودہ حکومت اس اپیل میں دلچسپی نہیں رکھتی اس لئے ہمیں اپیل واپس لینے کی اجازت دی جائے ۔

جس پر عدالت نے اپیل واپس لینے کی بنا پر درخواست نمٹا دی ۔

(جاری ہے)

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی اور اس دوران جنرل (ر) اسد درانی عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے تین وکیلو ں سے بات کی تھی لیکن ان کا کوئی وکیل بننے کے لئے تیار نہیں ہے انہیں مزید مہلت دی جائے ۔ جس پر عدالت نے انہیں وکیل کرنے کے لئے 30 روز کی مہلت دے دی ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سیاسی رہنماؤں کو رقوم فراہم کرنے اور آئی جے آئی بنانے کے حوالے سے فیصلہ دے رکھا ہے اس پر عملدرآمد بارے اور نظرثانی کے لئے بعض فریقین نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 روز کے لئے ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :