کراچی ، رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر الیاس کشمیری سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

بدھ 8 اپریل 2015 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) کیماڑی کے علاقے میں رینجرز سے مقابلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے مطلوب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیماڑی کے ٹاپو میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں کی جانب سے ان پر دستی بموں سے حملہ اور فائرنگ شروع کر دی گئی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے جس پر رینجرز نے مزید نفری طلب کر کے علاقے کا محاصرہ کیا اور جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ ان کے قبضے سے دستی بم، کلاشنکوف اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔

رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور ان میں ٹی ٹی پی کراچی کا کمانڈر الیاس کشمیری بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لیاری کے علاقے افشانی گلی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لانڈھی میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزموں سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ادھر کلفٹن بوٹ بیسن کے قریب پولیس مقابلے کے دوران زخمی ملزم سمیت دو ملزموں کو حراست میں لے کر اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مہدی حسن اور نسیر سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :