ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے ڈپٹی چےئرمین عصمت اللہ خان بازئی کااغبرگ ہائی سکول کا دورہ

اساتذہ اور طلبہ سے تفصیلی بات چیت ،مسائل معلوم کئے

منگل 7 اپریل 2015 22:01

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء ) ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے ڈپٹی چےئرمین عصمت اللہ خان بازئی نے گزشتہ روزاغبرگ ہائی سکول کا دورہ کیا ۔ اساتذہ اور طلباء سے تفصیلی بات چیت کی اور سکول ،طلباء اور اساتذہ کے مسائل معلوم کےئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اساتذہ اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے عصمت اللہ خان بازئی نے کہا کہ پشتونخوامیپ ایک تعلیم دوست پارٹی ہے اور تعلیم کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھ کر ہمارے بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور شرح خواندگی میں اضافے کیلئے پشتونخوااسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے سکول داخلہ مہم کو کامیابی سے چلا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اغبرگ ایک دور دراز اور پسماندہ علاقہ ہے ۔ ماضی میں حکمرانوں نے اس علاقے میں تعلیمی اداروں کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے بے تحاشہ مسائل نے جنم لیا ۔ پشتونخوامیپ تعلیمی اداروں کی بہتری ،سہولیات کی فراہمی ، اساتذہ اور طلباء کے مشکلات حل کرنے کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے جس کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور سکولوں کی نگرانی کے عمل میں اپنی شرکت یقینی بنائیں اور اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے کردار ادا کرے ۔