صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت بہتر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ، جعفرمندوخیل

گاڑیوں کی حالت بہتر کرنے کے لئے مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے ، وزیر ٹرانسپورٹ

منگل 7 اپریل 2015 21:57

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء )صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ایکسائز جعفرخان مندوخیل نے کہاہے کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت بہتر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ۔اس کے علاوہ کوئٹہ شہرمیں چلنے والی لوکل بسوں کی کنڈیشن کو بہتربنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز شہرمیں چلنے والی لوکل بسوں کی کنڈیشن کے معائنے کے موقع ٹرانسپورٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ خالد بلوچ،سیکرٹری صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی عبدالخالق مندوخیل ،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ امان اللہ خان پائیزنی ،موٹروئیکل ایگزامینر غوث بخش کرد،ڈی ایس پی ٹریفک جاوید،نمائندہ آر ٹی اے حاجی جان محمد محمد حسنی،صدر متحدہ لوکل بس ایسوی ایشن بابو شفیع محمد ،شیراحمد بلوچ،حاجی عبدالباری ،عبدالعلی ،حاجی رحمت اللہ محمد حسنی اور حاجی نصر اللہ کے علاوہ دیگر ٹرانسپورٹر ز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت دیگر صوبے کے برابر لانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اور اس حوالے سے گاڑیوں کی کنڈیشن کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے آفیسران اور اہلکاروں کا بسوں کی حالت بہتر کرنے میں اہم کردار ہے ۔اس کے علاوہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بسوں اورگاڑیوں کی کنڈیشن بہتر بنانے اور تعاون کرنے سے صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت میں روز بروز بہتری آرہی ہے جبکہ گاڑیوں کی حالت مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت ابتر تھی ۔جبکہ موجود ہ حکومت صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت بہتر بنانے میں سنجیدہ ہے ۔اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے صوبائی وزیر کو باقی گاڑیوں کی حالت بھی بہتر بنانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دھانی کروائی۔