وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت کیسکو اور زمیندار ایکشن کمیٹی کا اجلاس

زرعی ٹیوب ویلوں پر میٹروں کی تنصیب، ولٹیج کی کمی سمیت زرعی صارفین کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا

منگل 7 اپریل 2015 21:56

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت کیسکو اور زمیندار ایکشن کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا، اجلاس میں زرعی صارفین کو 8گھنٹے بجلی کی فراہمی، بلوں کی ادائیگی، زرعی ٹیوب ویلوں پر میٹروں کی تنصیب، ولٹیج کی کمی سمیت زرعی صارفین کو درپیش مشکلات کا جائزہ بھی لیا گیا، اس موقع پر صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، سردار اسلم بزنجو، میر سرفراز بگٹی، صوبائی رکن اسمبلی سردار در محمد ناصر بھی موجود تھے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کیسکو حکام کو ہدایت کی کہ زرعی صارفین کو بہتر ولٹیج کے ساتھ 8گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور غیر قانونی ٹیوب ویلز کو قانونی بنانے کے عمل کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت زرعی صارفین سے بلوں کی ادائیگی میں کیسکو کو ہر قسم کا تعاون اور مدد فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ کیسکو چند نادہندہ صارفین کی وجہ سے فیڈر کی بجلی منقطع کر کے پورے فیڈر کے صارفین کو سزا نہ دے بلکہ صرف نادہندگان کے خلاف کاروائی عمل میں لائے۔

(جاری ہے)

جس کے لیے مقامی انتظامیہ کیسکو کے عملے کو تحفظ دینے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ کیسکو صوبے میں ایڈہاک ازم کے بجائے بجلی کی فراہمی اور بلوں کی وصولی کے لیے باقاعدہ اور جامعہ نظام وضع کرے اور ادارے کے بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کا موثر عمل بھی شروع کرے۔ اجلاس میں غیر قانونی زرعی کنکنشن کو ریگولر ، زرعی میٹروں کی تنصیب، بلوں کی ادائیگی، بجلی کی منصفانہ تقسیم اور بجلی کے لوڈ کو جانچنے کے لیے تمام اضلاع میں چیئرمین ضلع کونسل/میئر/چیئرمین میونسپل کمیٹی ، ڈپٹی کمشنرز اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے 15سالوں سے زیر التواء ڈیرہ غازی خان ، لورالائی، دادو خضدار ٹرانسمیشن لائنوں کی تکمیل، 15ہزار غیر قانونی زرعی کنکشنوں کو ریگولر کرنے اور صوبائی حکومت کی جانب سے مزید اربوں روپے زرعی سبسڈی کی مد میں دینے پر صوبائی حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی کاوشوں اور اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ حکومت زمینداروں اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے جو اقدامات اٹھا چکی ہے وہ تاریخ میں سنہرے الفاظ میں یاد رکھے جائیں گے۔