پر امن اور خوبصورت پشاور کی تشکیل کے لئے جاری حکومتی اقدامات کسی الیکشن مہم کا حصہ نہیں،ضیاء اللہ

تاجر برادری اور عوام الناس کے تعاون سے پشاورشہر کو ناجائز تجاوزات،بدمعاشوں،کرپٹ افسروں اور بھتہ خوروں سے پاک کرنے اور اسے پر امن شہر بنانے کے لئے کوشاں ہے،صوبائی وزیر

منگل 7 اپریل 2015 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کو آرڈینیٹر وفوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنے کے حکومتی عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت تاجر برادری اور عوام الناس کے تعاون سے پشاورشہر کو ناجائز تجاوزات،بدمعاشوں،کرپٹ افسروں اور بھتہ خوروں سے پاک کرنے اور اسے پر امن شہر بنانے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ پشاور جتنا پر امن اور اس کے بازار اور سڑکیں جتنی کشادہ ہوں گی اتنا ہی تجارت کو فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں گولڈ سمتھ ورکرز یونین صرافہ بازار پشاور کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں یونین کے عہدیدارن و اراکین کے علاوہ انجمن تاجران کے عہدیداران،تاجران اور دیگر سماجی و سیاسی عمائدین نے شرکت کی۔صوبائی وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت اپنے تبدیلی کے مشن پر کامیابی کے ساتھ گامزن ہے انہوں نے کہا کہ پشاور شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور یہاں تجارت کو فروغ دینے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے مذکورہ اقدامات کسی الیکشن کو متاثر کرنے کے لئے نہیں بلکہ عوامی مینڈیٹ کے احترام میں گزشتہ دو سالوں سے جاری ہیں اور آئندہ بھی جاری رہیں گے تاہم عوام بے جان مہروں اور خود غرض سیاسدانوں کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ تجاوزات مخالف کارروائی سے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

صوبائی حکومت تاجر برادری کے جائز مطالبات کو پوراکرنے اور انہیں پر امن ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ضیاء اللہ آفریدی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب کابینہ اور پشاور کی تاجر برادری نہ صرف حکومتی اصلاحی اقدامات سے اپنا تعاون جاری رکھے گی بلکہ ذاتی مفادات کی بجائے ورکروں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی جدو جہد کرے گی۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پر امن اور ترقیافتہ پشاور کی تشکیل میں اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :