ترقیاتی منصوبوں مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کیاجائیگا،پرویزخٹک

سالانہ ترقیاتی فنڈز لیپس ہونے کی بھی پرواہ نہیں کی جائے گی ،صوبے کی ترقی کیلئے کئی ایک قانون سازی اور اصلاحات کی ہیں

منگل 7 اپریل 2015 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں کو اُس وقت تک مکمل تصور نہیں کرے گی جب تک اُن کاکام مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہوجائے اور اس ضمن میں سالانہ ترقیاتی فنڈز لیپس ہونے کی بھی پرواہ نہیں کی جائے گی اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ صوبائی حکومت نے تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے جو اقدامات ، پالیسی سازی، قانون سازی اور اصلاحات کی ہیں اُن پر عمل درآمد کے حوالے سے کسی کو شک شبہ نہیں ہونا چاہیئے اُنہوں نے بتایا کہ اصلاحات پر عمل درآمد کے مطلوبہ نتائج آنا بھی شروع ہو گئے ہیں جس کی ایک مثال محکمہ تعلیم ہے جہاں مختلف بے ضابطگیوں اور فرائض سے غفلت پر 5300 اساتذہ کے خلاف کاروائی کی گئی تقریباً800 اساتذہ کو برطرف کیا گیا جبکہ 400 اساتذہ کو بہتر کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا ہے یہ باتیں اُنہوں نے منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں مردان پریس کلب اور تخت بھائی پریس کلب کی تقریب حلف برداری میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیں تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، مردان پریس کلب کے نو منتخب صدر حاجی محمد شفیع اور تخت بھائی پریس کلب کے صدر ہدایت الله اختر نے بھی خطاب کیا اور صوبے میں قانون اور میرٹ کی بالادستی ، کرپشن کے خاتمے، سرکاری محکموں میں اصلاحات اور غریب عوام کی فلاح کیلئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہاوزیراعلیٰ پرویز خٹک نے مردان اور تخت بھائی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ بھی پی ٹی آئی کی حکومت کی طرح اپنی کرسی سے انصاف کریں اور حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کے سامنے صوبائی حکومت کی کارکردگی کی حقیقی تصویر پیش کریں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عام لوگوں کی عزت اور خوشحالی ناپید چیزیں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ اس صورتحال پر مایوس نہیں ہے ملک کے تعلیم یافتہ اور باخبر نوجوانوں نے پاکستان کا موازنہ دوسرے ترقی یافتہ اور مہذب ممالک سے کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو تبدیلی کا مینڈیٹ دیا ہے اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اب تک اسی مینڈیٹ کے تحت انصاف ، میرٹ ، عوامی حقوق اور خود کار نظام کے علاوہ کرپشن اور سفارش کے خاتمے کیلئے دن رات ایک کیا ہے اور ہمیں اس کٹھن کام میں حوصلہ افزاء کامیابیاں ملی ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ اُن کی حکومت نے معاشرے سے ظلم، زیادتی اورر شوت و سفارش ختم کرنے کا جو وعدہ کیا ہے اس پر نہ صرف پوری طرح کار بند ہے بلکہ اس بارے میں عوام کے سامنے جوابدہ بھی ہے اُنہوں نے کہا کہ ہم نے تبدیلی کے ایجنڈے پر سو فیصد کام کیا ہے اور سرکاری محکموں میں اصلاحات اور احتساب کے عمل کو مستقل طور پر استحکام دینے کی غرض سے اب تک ستر سے اسی قوانین وضع کئے ہیں جبکہ اتنی ہی تعداد میں مزید قوانین منظوری کے مراحل میں ہیں اُنہوں نے بتایا کہ سرکاری اداروں اور محکموں کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کا اسی فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جس کا فائدہ میرٹ، اپنا حق اور معاشرے میں باعزت مقام چاہنے والے عام اور غریب لوگوں کو ہو گا اُنہوں نے کہا کہ آج پولیس اور پٹوار خانے اس لئے صحیح کام کر رہے ہیں کہ ہم نے ان میں مداخلت ختم کرکے انہیں عوام کے ساتھ ظلم زیادتی کیلئے جوابدہ بنایا ہے اُنہوں نے کہا کہ ترقیافتہ دنیا کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی پارلیمانی اراکین کو صرف قانون سازی تک محدود کرکے تعلیم، صحت اور پولیس سمیت بنیادی اور شہری سہولتوں کاکام بلدیاتی اداروں کے سپرد کیا جارہا ہے جو دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ بااختیار اور خود مختار ہوں گے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے عوام سے کئے گئے وعدے کے عین مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے نچلی سطح پر فیصلہ سازی کے اقدامات کر دیئے ہیں جس کے نتیجے میں سرکاری محکمے صوبائی حکومت کے بجائے بلدیاتی کونسلوں کے ماتحت ہوں گے وزیراعلیٰ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام پر صوبے میں ترقیاتی فنڈزاگر سو فیصد خرچ نہ ہو سکے تو اس کی پرواہ بالکل نہیں کی جائے گی لیکن اس امر کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا کہ مالی وسائل کا غلط استعمال ہر گز نہ ہو اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں مکمل کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی خستہ حالی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ان منصوبوں کی رقوم رشوت اور کمیشن کی صورت میں ارباب اختیار کی جیبوں میں چلی گئی تھیں اُنہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے خزانہ خالی ہونے کا واویلا اس لئے مچایا کہ وہ اس خزانے سے اپنی جیبیں بھر لیتے تھے اور عوام کے سامنے خالی خزانے کا ڈھنڈورا پیٹتے تھے حالانکہ خزانہ کبھی بھی خالی نہیں ہوا وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر مردان پریس کلب کیلئے ایک کروڑ روپے سے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام اور 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا کالونی کے ترقیاتی کاموں کیلئے پی سی ون کی تیاری جبکہ تخت بھائی پریس کلب کی عمارت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔