سوات ،عوام کی پسماندگی کے خاتمے ،تعمیر وترقی کی شاہرہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں،محمودخان

منگل 7 اپریل 2015 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخواکے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ ضلع سوات کے عوام کی پسماندگی کے خاتمے اوراسے تعمیر وترقی کی شاہرہ پر گامزن کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انکی محرومیوں کو بھی دورکیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ مٹہ سوات میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران باتیں کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے بہترین طرزحکمرانی اختیار کرکے قلیل عرصہ میں ریکارڈ قانون سازی کی جن میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے،لوگوں کوخود مختار بنانے،شہریوں کو بہتر سماجی خدمات کی فراہمی،سرکاری اداروں کو خود مختار بنانے ،لوگوں کو معلومات تک رسائی فراہم کرنے اور لوکل گورنمنٹ بل قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت نے پونے دو سال کے دوران مختلف شعبوں میں اصلاحاتی ایجنڈے کی تکمیل کے علاوہ دیگر تاریخ سازاقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بیروزگاری کے خاتمے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کئے ہیں۔محمود خان نے کہاکہ اتحادیوں کی مشاورت سے صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گاجبکہ پی ٹی آئی حکومت نے ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں میں کمیشن مافیاکا خاتمہ کر کے عوامی وسائل کو صحیح معنوں میں ترقیاتی کاموں پر خرچ کیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے وفود کے مسائل غور سے سنے اور انہیں حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔وفود نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وز یر کاشکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :