Live Updates

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، پی ٹی آئی کے ارکان سے بدتمیزی غیر سیاسی حرکت ہے‘ پیر اعجاز ہاشمی

اپنی زبان سے خواجہ آصف سیاستدان نہیں، مولاجٹ لگے‘ مرکزی صدر جے یو پی کی اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو

منگل 7 اپریل 2015 20:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تحریک انصاف کے ارکان کے ساتھ حکمران جماعت کی طرف سے اختیار کئے گئے توہین آ میز رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر سیاسی اور غیر اخلاقی قراردیا ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے عمران خان کی طرف سے ایوان کی قوت اور بالادستی کو تسلیم کرکے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

جوڈیشل کمشن کے قیام کے لئے صدارتی آرڈیننس کے اجرا کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان واپس قومی اسمبلی میں آگئے ہیں تو وزیر دفاع خواجہ آصف کو تنقید کرنے کی بجائے انہیں خوش آمدید کہنا چاہیے تھا، مگر جس طرح کی زبان سینیر لیگی رہنما کی طرف سے استعمال کی گئی سیاستدان نہیں، وہ مولاجٹ لگے۔

(جاری ہے)

پیر اعجا زہاشمی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی پارلیمنٹ میں تقریر قومی جذبات کی ترجمانی قراردیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اپوزیشن میں بیٹھی اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی سے سیاست سیکھے۔

جس نے ایشوز کی سیاست کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان دھرنے کے دوران کنٹینر پر اپنی لغو گفتگو کے باعث متنازع ہوئے اور عوامی حلقوں میں انہیں ناپسندیدگی سے دیکھا گیا ۔ اب یو ٹرن لے کر وہ واپس پارلیمنٹ میں آگئے ہیں تو کل ان کی واپسی کے لئے مذاکرات اورمنت سماجت کرنے والوں کو شائستگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ جس کا اظہار نہیں ہوا۔ اس پر وزیر اعظم میاں نواز شریف کو کھلے دل سے پارلیمنٹ میں معذرت کرنی چاہیے۔ اورغیر پارلیمانی حر کت کا نوٹس لینا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات