پورے ملک کی تعمیر وترقی کا دارومدار قبائلی علاقوں کے امن سے وابستہ ہے،سردارمہتاب

افواج پاکستان نے قوم کی حمایت سے ان علاقوں میں فوجی آپریشن کرکے دہشت گردوں کاصفایاکیا ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی

منگل 7 اپریل 2015 20:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ ملکی استحکام کی خاطر قربانیاں دینے والے قبائلی عوام کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی ، بحالی اور تعمیرنوکیلئے ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ قابل عمل اور جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے جس میں بحالی وانفراسٹرکچر ، امن وامان ، حکومتی خدمات کی فراہمی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ قبائلی عوام بھی وطن عزیز کی ترقی میں بہتر کردار ادا کرسکیں اور ان کا معیار زندگی بلند ہو۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی خطے کے تمام وسائل کو وفاقی حکومت جامع حکمت عملی کے تحت پوری طرح بروئے کار لارہی ہے تاکہ یہاں پر تجارت، کاروبار کی بہتری اور روزگاکے ر مواقع کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام آئیں اور یہاں کے عوام بھی ملک کی تعمیروترقی میں اپناکردار ادارکرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس حکمت عملی کو مزید موثر بنانے کیلئے اور ٹی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کو یقینی بنانے کیلئے عالمی اداروں کو حکومت پاکستان سے تعاون کیلئے آگے آناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ پورے ملک کی تعمیر وترقی کا دارومدار قبائلی علاقوں کے امن سے وابستہ ہے اور افواج پاکستان نے پوری قوم کی حمایت سے ان علاقوں میں فوجی آپریشن کرکے دہشت گردوں کاصفایاکیا ہے اور ایک ایک دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔وہ منگل کے روز فاٹا کے متاثرین کی باعزت واپسی ، بحالی اور تعمیرنو کیلئے قابل عمل اور جامع حکمت عملی کی افتتاحی تقریب کے بعدمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں امن قائم کیاجاچکاہے وہاں پر ٹی ڈی پیز کی واپسی کا پہلا مرحلہ گذشتہ مہینے شروع کیاجاچکاہے اور اس مرحلے میں 6 لاکھ کے قریب افراد باعزت طور پر اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں صرف امن ہی کافی نہیں ہے بلکہ وزیراعظم پاکستان اور موجودہ حکومت نے اس علاقے کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک ایسی جامع اورقابل عمل حکمت عملی ترتیب دی ہے کہ جس سے قبائلی خطے میں پائیدار امن کیلئے راہ ہموارہونے کے ساتھ ساتھ نہ صرف اس خطے کا مستقبل تابناک ہوگا بلکہ یہاں کے عوام پاکستان کے باعزت ، باوقار اور ذمہ دارشہری بن کر ملک وقوم کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست اور عوام کا رشتہ اعتماد کی بنیاد پرقائم ہو، اسی ضمن میں حکومت پاکستان نے فاٹا اور خاص طور پر ٹی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کے عمل کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہاہے اور قبائلی عوام نے ملک وقوم کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

قبل ازیں فاٹا کے متاثرین کی باعزت واپسی ، بحالی اور تعمیرنو کیلئے قابل عمل اور جامع حکمت عملی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ فاٹا میں بدامنی کے حالات فاٹا کے عوام کے پیداکردہ نہیں ہے بلکہ عالمی اور خطے کے حالات کے باعث ہیں اوراب ضرورت اس امر کی ہے کہ قبائلی عوام کی ان قربانیوں کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی نہیں ہے بلکہ اس سے پورے خطے کا امن وابستہ ہے۔ اس لئے عالمی برادری کو بھی خطے میں امن کو بحال کرنے اور ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی اور بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں ٹی ڈی پیز کی واپسی کا پہلا مرحلہ شروع کردیاگیاہے اور جولائی کے مہینے تک پہلا مرحلہ مکمل ہوجائیگا جس میں 6 لاکھ قبائلی افراد اپنے گھروں کو باعزت واپس جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہماری حکومت اور افواج پاکستان ہرچیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار اور پرعزم ہے اور انشاء اللہ بہت جلد دہشت گردی کا خاتمہ کردیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل شروع کیاجاچکاہے اور اب یہ قبائلی عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ملک دشمن عناصر کی نشاندہی کریں۔

گورنرنے اس ضمن میں یواین ڈی پی کے تعاون کاشکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، یو این ڈی پی کے نمائندوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا، آئی جی ایف سی لیاقت علی خان، فاٹا سیکرٹریٹ کے مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرڈاکٹرمحمدفخرعالم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہ حکمت عملی یواین ڈی پی کی تعاون سے فاٹا سیکرٹریٹ نے گورنرخیبرپختونخوا کی ذاتی دلچسپی اور احکامات پر ترتیب دی ہے۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے سفیروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہاگیا اورٹی ڈی پیز کی بحالی کیلئے تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :