سزائے موت کے منتظر مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کے طریق کار کیخلاف دائر درخواستیں خارج

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کو نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کا حکم

منگل 7 اپریل 2015 20:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزائے موت کے منتظر مجرمان کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کے طریق کار کیخلاف دائر درخواستیں خارج کرتے ہوئے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی کو حکم دیا ہے کہ وہ نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کرے ۔گزشتہ روز دو رکنی فاضل بنچ نے نے دوہرے قتل کیس کے مجرم ذوالفقار علی اور تہرے قتل کیس کے مجرم رئیس احمد کی جانب سے دائر درخواستوں پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد کے قیام کے بعد یہ عدالت ڈیٹھ وارنٹ جاری رکھنے کا اختیار رکھتی ہے کیونکہ واقعہ اسلام آباد کی حدود میں ہوا تھا ۔

فاضل بنچ نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کو حکم دیا کہ وہ مجرمان کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کرے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے دونون ملزمان کی درخواستیں خارج کر دیں۔ واضح رہے کہ ذوالفقارعلی کو دوہرے قتل کیس میں انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے 1999ء میں سزا سنائی تھی ۔مجرم کی طرف سے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ سزا راولپنڈی کی عدالت نے سنائی مگر ڈیتھ وارنٹ اسلام آباد کی عدالت نے جاری کئے۔ اسی طرح تہرے قتل کیس کے مجرم رئیس احمد کو تین افراد کو قتل کرنے پر ڈسٹرکٹ کورٹ نے 1995ء میں سزا موت کا حکم سنایا تھا ۔مجرم رئیس احمد نے مقتول کے لواحقین سے راضی نامہ کی امید پر اپیل دائر کی کہ مقتول کے لواحقین سے راضی نامہ ہو رہا ہے ،ڈیتھ وارنٹ پر عمل درآمد روکا جائے۔