فوج نے مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا، گیاری کے شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی، چوہدری محمد برجیس طاہر

دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی، آپریشن ضرب عضب مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہیگا،گورنر بلتستان

منگل 7 اپریل 2015 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ۔ گیاری سیکٹر میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور پاکستان مشکل دور سے باہر آچکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیاری سیکٹر میں شہید ہونے والے جوانوں کی تیسری برسی کے موقع پر اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کیا۔ گورنر /وفاقی وزیر نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اپنی کامیابی اور مطوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔ آج ہمارا ملک ان تمام گردابوں سے باہر نکل چکا ہے ، جو سال ہا سال سے ملک کی کی جڑوں میں بیٹھے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

آج پاکستان کا شمار معاشی طور پر نڈھال ممالک اور بنانا سٹیٹس میں نہیں ہوتا۔

اس بات کا سہرہ صرف اورصرف عوام کے سر ہے جنہوں نے 2013کے انتخابات میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی دانشمندانہ پالیسیوں اور طویل سیاسی تجربے پر اعتماد کیا۔ اس سے بھی احسن بات یہ ہے کہ قائد نے بھی عوام کے اعتماد کی لاج رکھی اور ان سے کئے گئے وعدے نبھائے۔2012میں گلگت بلتستان کے گیاری سیکٹرمیں مٹی کا تودہ گرنے سے 100سے زائد فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔ ان جوانوں کی یاد میں برسی ہر سال 7اپریل کو منائی جاتی ہے۔ اسلام آباد سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گورنر گلگت بلتستان 9سے 10اپریل تک سکردو و گلگت کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ مختلف تقریبات میں شرکت کے علاوہ اپنے دیگر فرائض جو وفاق نے انہیں تفویض کیے ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :