کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں30ارب77کروڑ روپے سے زائد کی کمی

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس151.44پوائنٹس کمی سے 31600.73پوائنٹس پر بند ہوا

منگل 7 اپریل 2015 19:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو اتار چڑھاوٴ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 31700کی نفسیاتی حد سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں30ارب77کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت3.40فیصدزائد جبکہ60.44فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاوٴسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے پٹرولیم ،توانائی،بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 31848پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تا ہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس151.44پوائنٹس کمی سے 31600.73پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر359کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے126کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ217کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں30ارب 77کروڑ14لاکھ19ہزار822روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر69کھرب74ارب 11کروڑ32لاکھ 67ہزار53روپے ہوگئی ۔

منگل کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں24کروڑ96لاکھ 69ہزار 580شیئرز رہیں جوپیر کے مقابلے میں82لاکھ24ہزار730 شیئرززائد ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے سیمنس پاک کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت55.01روپے اضافے سے1155.22روپے اورانڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت27.01روپے اضافے سے683.70روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی پاک ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت33.99روپے کمی سے866.00جبکہ انڈس موٹرز کے حصص کی قیمت15.31روپے کمی سے1050.00روپے ہوگئی ۔

منگل کو میپل لیف سیمنٹ کی سرگرمیاں3کروڑ18لاکھ61ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت1.26روپے اضافے سے58.85روپے جبکہ جہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں2کروڑ62لاکھ47ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت1روپے اضافے سے20.54روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس97.40پوائنٹس کمی سے 19983.57پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس234.67پوائنٹس کمی سے 51863.79جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس98.36پوائنٹس کمی سے 22400.15پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :