سندھ اسمبلی ،دوسرے روز ایوان میں ماحول نسبتاً بہتر رہا ،کسی جماعت نے واک آوٴٹ نہیں کیا

بیٹا شہریار آپ اپنی تحریک التواء پر اسرار نہ کریں ،بیٹھ جائیں ،شہلا رضا / بہت بہتر ہے امی ، آپ جیسا بہتر سمجھیں فیصلہ کریں ،شہریار مہر کا جواب

منگل 7 اپریل 2015 19:16

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء ) سندھ اسمبلی کا رواں اجلاس ، جس کا آغاز پیر کو اپوزیشن کی جانب سے احتجاج ، ہنگامہ آرائی اور شکایات کے ساتھ ہوا تھا ۔ منگل کو دوسرے روز ایوان کا ماحول نسبتاً بہتر رہا اور اپوزیشن کے کسی بھی پارلیمانی گروپ کو واک آوٴٹ پر مجبور نہیں ہونا پڑا ۔ منگل کو ایوان میں اس وقت بڑی دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی ، جب قائد حزب اختلاف شہریار خان مہر اپنی ایک تحریک التواء کے حق میں دلائل دے رہے تھے اور ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائد حزب اختلاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ” بیٹا شہریار آپ اپنی تحریک التواء پر اسرار نہ کریں اور بیٹھ جائیں ، جس پر قائد حزب اختلاف نے جواباً کہا کہ بہت بہتر ہے امی ۔ آپ جیسا بہتر سمجھیں فیصلہ کریں ۔ “ قائد حزب اختلاف کے اس جواب پر ڈپٹی اسپیکر نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے بہت احترام والا رتبہ دے دیا ہے ، جو بہت زیادہ احترام کا تقاضا کرتا ہے ۔ میں یہ توقع کرتی ہوں کہ یہ احترام صرف آج کے دن تک محدود نہیں ہو گا اور آئندہ بھی آپ اس رشتے کا پاس کریں گے ۔ ایوان کی کارروائی کے دوران ایک اور موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے ایم کیوایم کے رکن سلیم بندھانی کو بھی بیٹا کہہ کر مخاطب کیا ۔

متعلقہ عنوان :