چکوال چیمبر آف کامرس اور ضلعی حکومت کے زیر انتظام پانچ روزہ صنعتی نمائش اور میلے کا افتتاح (آج ) ہوگا

منگل 7 اپریل 2015 18:59

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)چکوال چیمبر آف کامرس اور ضلعی حکومت کے زیر انتظام پانچ روزہ صنعتی نمائش اور میلے کا افتتاح (آج )8اپریل کو ہوگا۔ پاکستان میں رومانیہ کے سفیر پانچ روزہ صنعتی میلہ کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔8اپریل کی افتتاحی تقریب میں وہ چکوال چیمبر آف کامر س کے صدر قاضی محمد اکبر کی صنعتی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں انہیں رومانیہ حکومت کی طرف سے ایوارڈ پیش کریں گے۔

چکوال چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پانچ روزہ صنعتی نمائش کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ چکوال میگا فیملی فیسٹویل اور صنعتی نمائش آٹھ اپریل سے 13اپریل تک ہوگی۔ اس ضمن میں بنائی جانے والی مختلف کمیٹیوں کا اجلاس صدر قاضی محمد اکبر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ٹکٹوں کی فروخت کے سلسلہ میں مختلف مقامات کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

میلے کے دوران روزانہ قراعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹوں پر انعامات کی بارش بھی ہوگی جبکہ آخری روز قرعہ اندازی کے ذریعے ایک کار بھی تقسیم کی جائے گی۔

سینئر نائب صدر حاجی نذیر سلطان ، چوہدری شہزاد سعادت، چوہدری عامر نجیب بھٹہ، خواجہ عارف یوسف اور چوہدری محمد یٰسین دن رات ایک کر کے اس صنعتی نمائش کو کامیاب بننانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ یہ صنعتی نمائش ضلعی حکومت چکوال کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے اور اس دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ صنعتی نمائش میں اہم مقتدر حکومتی شخصیات کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیر بھی شرکت کریں گے۔