پشاور،حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حاجی حبیب الرحمن

منگل 7 اپریل 2015 17:15

پشاور،حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حاجی حبیب ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکوة،عشرو اوقاف حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ تاکہ نئی نسل کو زیادہ سے زیادہ صحت مند سرگرمیاں فراہم ہوسکیں اور وہ کھیلوں کے میدان میں صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکیں ۔یہ بات اُنہوں نے ضلع بونیر میں گدیزئی کے مقام پر ڈویژنل فٹ بال ٹورنمنٹ کے انعقاد کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اقلیتی اُمور سورن سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ حاجی حبیب الرحمن نے کہا کہ ایک متوازن معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ کھیلوں پر توجہ دی جائے اور صوبائی حکومت اس امر کا احساس کرتے ہوئے تحصیل لیول پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ حصول تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

تاکہ اس ضمن میں حکومت کی کاوشیں بارآور ثابت ہو ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن نے الخدمت فاؤنڈیشن بونیر کے زیر انتظام چلنے والے یتیم خانے کا بھی دورہ کیا اور یتیم خانے کی انتظامیہ کو ہر ممکن مالی تعاون کا یقین دلایا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بے سہارہ اور یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنا عین عبادت ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی کارکردگی اس ضمن میں مثالی ہے اور دیگر فلاحی تنظیموں کو اُسکی پیروی کرنی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :