چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے اسپیشل پولیس فورس کے قیام کیلئے دو ماہ میں حتمی کارروائی یقینی بنائی جائے؛ آئی جی سندھ کو ہدایت

منگل 7 اپریل 2015 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن نے اعلیٰ عدالتی احکامات کی رو سے اقلیتوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے خصوصی تربیت سے مربوط اسپیشل پولیس فورس کے قیام کے سلسلے میں دو ماہ کے اندر حتمی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

منگل کی صبح سندھ سیکریٹریٹ میں اجلاس کے دوران محمد صدیق میمن نے اقلیتوں کیلئے ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ کی تخصیص کے بارے میں سیکریٹری اقلیتی امور سے تمام محکموں سے روابط کی روشنی میں رپورٹ بھی طلب کی۔ اجلاس میں سیکریٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن سید طارق محمود جعفری نے ایجنڈا کے نکات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی رمیش کمار، بشپ صادق ڈینئیل، سیکریٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار شالوانی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقلیتوں سے مربوط اسکول کالج نصابی تبدل، مجوزہ نیسنل کونسل فار مائنٹریز اور آئین کے تحت فراہم کردہ اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے نکات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اقلیتی مندوبین نے اجلاس کے انعقاد اور اب تک کی پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔

متعلقہ عنوان :