فیلڈنگ دوا سے نہیں محنت سے ٹھیک ہوگی، بالنگ ایکشن کلیر کروا لوں گا ،محمد حفیظ

منگل 7 اپریل 2015 15:02

فیلڈنگ دوا سے نہیں محنت سے ٹھیک ہوگی، بالنگ ایکشن کلیر کروا لوں گا ،محمد ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7اپریل ۔2015ء )قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ہماری فیلڈنگ کسی ڈاکٹر کی دوائی سے نہیں بلکہ محنت کرنے سے بہتر ہوگی ، عوام کی دعاؤں سے اپنا باؤلنگ ایکشن درست کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گا ۔ لاہور میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ اپنا بالنگ ایکشن آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بنانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں اور آئندہ چند روز میں ہونے والا ٹیسٹ عوام کی دعاؤں سے کلیئر کرلوں گا تاہم بولنگ میں کوئی نئی چیز سکیھنے کی کوشش نہیں کی، بولنگ پہلے جیسی ہے، کبھی دوسرا، تیسرا یا چوتھا کی پریکٹس نہیں کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے کھیل کو بہتر کیا اور دورہ بنگلادیش میں ٹیم اتحاد کے ساتھ بہتر نتائج دے گی،محمد حفیظ کے مطابق مارکیٹ میں کوئی ایسی دوائی نہیں جو پلیئر کو کھلائیں اور ان کی فیلڈنگ ٹھیک ہوجائے اس لیے فیلڈنگ اور بولنگ میں بہتری کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ محنت کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کبھی بھی کپتانی کا مسئلہ نہیں رہا، اظہر علی بہت اچھے کپتان ہیں اور وہ خود کو منوا چکے ہیں اس لئے انہیں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، فی الوقت ٹیم کا مسئلہ نمبرز نہیں بلکہ آئی سی سی کی رینکنگ ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نئے لڑکوں کے ساتھ بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لئے جائے گی، بنگلادیش کبھی آسان حریف نہیں رہا اور اس نے ورلڈ کپ میں ثابت کیا کہ وہ ایک بہتر ٹیم بن رہی ہے تاہم پاکستان نے بھی 1999 کے بعد جہاں بھی بنگلادیش کے ساتھ میچ کھیلا جیت کر دکھایا لہٰذا اس سیریز میں بھی اچھے نتائج لے کر آئیں گے۔