وزیر اعظم کو خواجہ محمد آصف کی زبان روکنی ،تناؤ کم کرنے میں کردارادا کرنا چاہئے تھا ،افسوس ایسا نہ ہوسکا،شاہ محمود قریشی

منگل 7 اپریل 2015 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے صدر اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کو وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی زبان روکنی چاہئے تھی اور تناؤ کم کرنے میں کردارادا کرنا چاہئے تھا مگر افسوس ایسا نہ ہوسکا، تحریک انصاف نے بڑی بردباری کا مظاہرہ کیا ورنہ زبان ہم بھی رکھتے ہیں۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤ س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف کے اسمبلی میں آنے سے جمہوریت مضبوط ہوگی ،اسحاق ڈار بھی مذاکرات کے ذریعے معاملات سلجھانا چاہتے تھے مگر پیر کے روز ہونیوالے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی توجہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ پر بانٹ دی جو ان کے شایان شان نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو خواجہ محمد آصف کی زبان روکنی چاہئے تھی اور انہیں تناوٴ کم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہئے تھا مگر افسوس ایسا نہیں ہوا،انہوں نے کہا کہ ہم نے کل بڑی بردباری کا مظاہرہ کیا ورنہ زبان ہم بھی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے حوالے سے خواجہ محمد آصف کا حلقہ بھی زیر بحث رہا ہے اس لئے انہیں پریشانی لاحق ہوگئی تھی، وزیر دفاع کا بیان کھوکھلا تھا اس لئے پورے ہاوٴس نے اس کو کوئی اہمیت نہیں دی، انہوں نے کہا کہ ہم وزیر دفاع کے جوتے نہیں اتروانا چاہتے بس ان کا رویہ درست کرانا چاہتے ہیں لہٰذا وہ اپنے رویئے کو درست کریں اور اپنی صفوں میں انتشار ظاہر نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور جلسہ عام میں لب ولہجہ اور ہوتا ہے ہمیں بھی حکومت کی کئی چیزوں میں اجنبیت دکھائی دیتی ہے ، ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ حکومتی پالیسی میں آج بھی کنفیوژن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت آگے یمن کی صورتحال پر بلائے گئے مشترکہ اجلاس میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔