کراچی : 187 محصورین کو لے کر پی این ایس اصلت کراچی بندر گاہ پر لنگر انداز ہو گیا، مسافروں کے استقبال کے لیے تقریب منعقد۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 اپریل 2015 14:43

کراچی : 187 محصورین کو لے کر پی این ایس اصلت کراچی بندر گاہ پر لنگر انداز ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 7 اپریل 2015 ء) : یمن سے 182 مسافروں کو لے کر پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت کراچی بندر گاہ پر لنگر انداز ہو گیا ہے یاس رہے کہ بحری جہاز میں 147 پاکستانیوں سمیت 36 غیر ملکی مسافر بھی شامل تھے. جہاز کی سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے اور جہاز کی فضائی نگرانی کو بھی یقینی بنایا گیا. کراچی پہنچنے پر پاک بحریہ کے ائیر ایڈمرل مختار خان نے بھی مسافروں کا استقبال کیا جبکہ چین سمیت دیگر ممالک کا سفارتی عملہ بھی مسافروں کے استقبال کے لیے موجود تھا، مسافروں کے اعزاز میں ایک چھوٹی سی تقریب بھی منعقد کی گئی .

جہاز میں خواتین سمیت مرد اور بچے بھی شامل ہیں. خواتین نے جہاز سے باہر آتے ہی دل دل پاکستان گانا شروع کر دیا جبکہ ہاتھوں میں پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے. 4 دن کا طویل سفر کر کے با حفاظت وطن واپس آنے پر تمام مسافروں کی خوشی دیدنی تھی. جنگ زدہ ملک یمن سے کراچی پہنچنے پر جہاں پاکستانیوں کے چہرے خوشی سے شاداں ہیں وہیں غیر ملکیوں کی بھی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتیوں سمیت دیگر غیرملکی مسافروں نے یمن سے واپس لانے پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا جب کہ بھارتی مسافر تو پاکستانی پرچم ہاتھ میں اٹھائے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے رہے۔
اس موقع پر مشن کمانڈر کموڈور زاہد الیاس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یمن میں پھنسے 182 افراد کو بحفاظت پاکستان پہنچا دیا ہے اور اس کے لئے ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں کامیاب کیا، آئندہ بھی جہاں ضرورت پڑی ہم وطنوں کیلئے حاضر ہوں گے، ہماری تمام ہمدردیاں یمن میں پھنسے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں، یمن میں پھنسے مزید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے ایک اور جہاز روانہ کردیا گیا ہے، تمام وسائل لگا کر یمن سے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں موجود بھارتی شہریوں نے پہلے ہمارے ساتھ آنے میں ہچکچاہٹ محسوس کی تاہم بعد میں وہ ہمارے ہمسفر بن گئے۔

متعلقہ عنوان :