Live Updates

وزیراعظم کی موجودگی میں ایوان میں تحریک انصاف کیخلاف جملے بازی افسوسناک ہے،سید خورشید احمد شاہ

منگل 7 اپریل 2015 13:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنماء سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی موجودگی میں ایوان میں تحریک انصاف کیخلاف جملے بازی افسوسناک ہے مگر عمران خان کا پارلیمنٹ میں آ کر اسمبلی کو جعلی کہنا بھی دہرا معیار ہے ،تحریک انصاف کی اپنی سیاست ہے لیکن سیاست میں سولو فلائٹ نہیں ہو سکتی۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ حکومت کا کام پارلیمنٹ کو احسن انداز سے چلانا ہے، گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم کی موجودگی میں تحریک انصاف کے خلاف جملے کسے گئے تاہم پارلیمنٹ میں آکر اسمبلی کو جعلی کہنا عمران خان کا بھی دہرا معیار ہے، عمران خان کو اب ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں ، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں نظام چلتا رہے ورنہ جمہوریت ہاتھ سے نکل جائیگی۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہاکہ ہمارے اتحاد میں تحریک انصاف کی مخالف جماعتیں ہیں اس لئے تحریک انصاف کو اپوزیشن اتحاد میں شامل کرنا ممکن نہیں ،تحریک انصاف کی اپنی سیاست ہے تاہم سیاست میں سولو فلائٹ نہیں ہو سکتی۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں تحریک انصاف کی ایوان آمد پر نعرے بازی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم کا کردار پارلیمنٹ کو فعال طریقے سے چلانا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات