یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ جنرل راحیل شریف کریں گے ،شیخ رشید

جو سمجھتا ہے کہ فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی وہ احمق ہے،سعودی حکومت پر بُرا وقت آیا تو پاکستانی بچہ بچہ سعودیہ کے دفاع کیلئے کھڑا ہوگا،قومی اسمبلی آمد سے قبل صحافیوں سے گفتگو

پیر 6 اپریل 2015 23:08

یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ جنرل راحیل شریف کریں گے ،شیخ رشید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کمپنی کی مشہوری کیلئے ہے ، یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ جنرل راحیل شریف کریں گے ،جوائنٹ سیشن صرف فوٹو سیشن کیلئے بلایا گیا ہے ۔پیر کے روز مشترکہ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر بُرا وقت آیا تو پاکستان کا بچہ بچہ سعودی حکومت کے ساتھ کھڑا ہوگا،پاکستان کو یمن کی جنگ میں کودنے سے گریز کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کسی کمپنی کی مشہوری کیلئے بلایا گیا ہے ،یمن میں فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے اگر سعودی عرب پر برا وقت آیا تو پاکستانی بچہ بچہ سعودی عرب کے دفاع کیلئے کھڑا ہوگا،انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوٹو سیشن ہے اور قوم کو بے وقوف بنایا جارہا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے تو وہ احمق ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی کی سیٹ سے استعفی نہیں دیا ہے اگر دیا ہوتا تو حکومت راتوں رات ضمنی الیکشن کرا چکی ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،حکومت صرف ”ہوا “ میں اعلان کررہی ہے لیکن ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں بھی ناکام رہی ہے ،نندی پوری سمیت تمام پراجیکٹ ناکام ہوگئے ہیں اور 2 سالوں میں ایک میگاواٹ بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو بے وقوف بنایا جارہاہے، کسی کے عقیدے کو نہیں چھیڑنا چاہیے اور اپنے عقیدے کو نہیں چھوڑنا چاہیے #/s#