موبائیل کمپنیوں کے محنت کشوں اورسیکیورٹی گارڈز کو بنیادی حقوق فراہم کیاجائے،نیشنل لیبرفیڈریشن

پیر 6 اپریل 2015 21:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکریٹری عبدالستار ہوتی نے وزیراعظم پاکستان ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے نجی موبائل کمپنی کے ملازمین کو لیبر قوانین کے مطابق کم از کم اجرت،اوقات ڈیوٹی،ای او بی آئی رجسٹریشن کی فراہمی ،سوشل سیکیورٹی اورہیلتھ پیکیجز دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبائیل کمپنیوں کے محنت کشوں باالخصوص سیکیورٹی گارڈز کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے اور منافع بخش ومعروف موبائیل کمپنی کے خیبر پختونخوا میں قائم سات سو پچاس ٹاورز کے باوجود سیکورٹی گارڈز کو بنیادی حقوق سے محروم رکھ کر ان کا معاشی قتل کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موبائل کمپنیاں منافع بخش کمپنیاں ہیں اور خیبر پختونخوا میں جس کمپنی میں وہ ملازم ہیں ان کے سات سو پچاس ٹاورز قائم ہیں ایک ٹاور کے لیئے دو سیکیورٹی گارڈز رکھنے کے مطابق خیبر پختونخوا میں قائم موبائل کمپنی کے سات سو پچاس ٹاورز میں پندرہ سو کے قریب سیکیورٹی گارڈز کام کر رہے ہیں لیکن منافع بخش کمپنی ہونے کے باوجودایک سیکیورٹی گارڈ کی تنخواہ ساڑھے چار ہزار ہے اور دیگر بنیادی حقوق سے بھی ان کو محروم رکھا گیا ہے جو سراسر ناانصافی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان نوازشریف،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے موبائیل کمپنی کے ملازمین کو لیبر قوانین کے مطابق کم از کم اجرت،اوقات ڈیوٹی،شیئر ٹاور میں ڈل کرایہ و مراعات،ای او بی آئی رجسٹریشن کی فراہمی ،سوشل سیکیورٹی اورہیلتھ پیکیجز دینے کے پابندبنائے بصورت دیگرمطالبات پورنے نہ ہونے پر موبائیل کمپنیوں کے خلاف تحریک چلائی جائے گی ۔