کاشغر گوادر اکنامک کار یڈور سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے اور زندگی کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے تحفظات کو وفاقی حکومت تک پہنچانے کی غرض سے قائم ایکشن کمیٹی کا اجلاس

کاشغر گوادر روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے تمام طبقات کی آراء کو شامل کرنے کے لئے کمیٹی میں مزید توسیع کی جائے گی،اجلاس میں فیصلہ

پیر 6 اپریل 2015 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)کاشغر گوادر اکنامک کار یڈور سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے اور زندگی کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے تحفظات کو وفاقی حکومت تک پہنچانے کی غرض سے قائم ایکشن کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز خیبر پختونخوا چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحق کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق گورنرخیبر پختونخوا بیر سٹر مسعو کوثر ، عوامی نیشنل پارٹی کی سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شگفتہ ملک ، پختونخوا اولسی تحریک کے ڈاکٹر سید عالم محسود  اجمل آفریدی اور ڈاکٹر مشتاق نے شرکت کی۔ اجلاس میں کاشغر گوادرروٹ کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلا س میں متفقہ طور پر فیصلہ کیاگیا کہ کاشغر گوادر روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے تمام طبقات کی آراء کو شامل کرنے کے لئے کمیٹی میں مزید توسیع کی جائے گی اور اس کو حقیقی معنوں میں تمام سیاسی پارٹیوں اور طبقات کی نمائندہ کمیٹی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کی رہنماؤں سے عنقریب ملاقات کی جائیگی تاکہ ان کوکاشغر گوادر کاریڈور کے متعلق ثبوت پیش کئے جائیں اور ان کی شرکت کمیٹی میں یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیاگیا کہ کمیٹی کے اراکین وکلا ، بزنس کمیونٹی  طلبا ، مزدور تنظیموں اور صحافیوں کی تنظیموں اور افراد سے ملاقات کریگی۔

کاشغر گوادر روٹ میں ممکنہ تبدیلی کے خلاف قائم کمیٹی نے عوام کو مطلع کیا کہ وفاقی حکومت نے کاشغر گوادر کاریڈور کے حوالے سے موٹروے کا روٹ تبدیل کیا ہے اور حویلیاں سے موٹروے کو برہان کی بجائے اسلام آباد کی جانب موڑ ا گیا ہے جبکہ نیشنل ہائی وے کی جانب سے کاشغر گوادر کا ریڈور کے لیے لا ہور ، ملتان کراچی موٹروے سے متعلق اشتہارات بھی شائع کئے گئے ہیں اور آزاد تجارتی مراکز اور صنعتی زون بھی اسی روٹ پر بنائے جائیں گے۔

کمیٹی نے واضح کیا کہ اس حقیقت کے باوجود حکومت کی طرف سے یہ بیانات کہ روٹ تبدیل نہیں کیا گیا ایک بھونڈا مذاق ہے اور خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی معاشی تقدیر بدلنے والے اس قومی منصوبے کے سلسلے میں خاموش تماشائی نہ بنیں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے کاشغر گوادر آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا ساتھ دیں۔