وزیراعلی خیبرپختونخوا نے فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کالجوں کومحکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی

خیبرپختونخوا حکومت تمام اداروں کو فعال اور مفید بنانے کیلئے انہیں خود مختاری دینے کے حق میں ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

پیر 6 اپریل 2015 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ا یف ای ایف) کے کالجوں کومحکمہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے کرنے اور فاؤنڈیشن کو جدید خطوط پر استوار کرکے صحیح معنوں میں ایک مفید اور مکمل طور پر خود مختار ادارہ بنانے کیلئے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے یہ کام ایک پانچ رکنی کمیٹی کے سپر د کرتے ہوئے اُسے دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تمام اداروں کو فعال اور مفید بنانے کیلئے انہیں خود مختاری دینے کے حق میں ہے اُنہوں نے کہا کہ کالجوں میں مانیٹرنگ سسٹم، معیار تعلیم، مطلوبہ نتائج اور اساتذہ کی ترقی کو نتائج سے مشروط کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے یہ ہدایات اُنہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایف ای ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ا جلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید، پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محمد علی شہزادہ، ایم ڈی فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن حفظ الرحمن، انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر سید امتیاز حسین گیلانی، ڈاکٹر عمر ایوب، وزیراعلیٰ شکایات سیل کے سربراہ دلر وز خان اور دیگر ارکان نے شرکت کی اجلاس کے دوران ایف ای ایف کی کارکردگی، بجٹ تخمینہ جات، تعلیمی وظائف، نجی شعبہ کو سکولوں کی تعمیر کیلئے مالی معاونت اور واجبات کی ادائیگی سمیت مختلف تعلیمی ، انتظامی اور مالیاتی اُمور کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر تفصیلی بحث کی گئی اور بعض دیگر اہم فیصلوں کے علاوہ فاؤنڈیشن کے مستقل کئے گئے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور رواں مالی سال کا بجٹ خسارہ پور ا کرنے کیلئے 380 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ہدایت کی کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق طلبہ کو سکالر شپ کے اجراء کیلئے اُن کے والدین کی زیادہ سے زیادہ آمد ن کی حد 25 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کی جائے اور نجی شعبہ کو تعلیمی اداروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کے اجراء کے ضمن میں چھوٹے اور پسماندہ اضلاع کو ترجیح دی جائے اُنہوں نے اس طرح کے قرضے ایف ای ایف کے بجائے بینک آف خیبر کے ذریعے جاری کرنے کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ایف ای ایف سمیت تمام گورنمنٹ کالجوں اور سکولوں کی تمام ضروریات پور ی کرے گی اور تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو بااختیار بناکر اُنہیں مطلوبہ تعلیمی معیار اور نتائج کا پابند بنائے گی اُنہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے تعلیمی اداروں کی موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے جس کے تحت اساتذہ اور انتظامیہ اپنی اپنی کارکردگی کے حوالے سے جوابدہ ہوں گے اُنہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تعلیمی اداروں کی ضروریات سو فیصد پوری کرے گی اسلئے ان ضروریات کی مکمل تفصیلات جلد پیش کی جائیں وزیراعلیٰ نے کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو بھی بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت سکولوں اور کالجوں کے علاوہ ان کے انتظامی اداروں کو بھی خود مختار بنانے کے حق میں ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات بھی کر رہی ہے انہوں نے تعلیمی اداروں کے اعلیٰ معیار اور بہتر نتائج یقینی بنانے کیلئے اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت پر بھی زور دیتے ہوئے اساتذہ کی تربیت کو لازمی قرار دیا اور انکی مستقل طور پر ٹریننگ کیلئے مطلوبہ مالی وسائل کو آئندہ بجٹ تجاویز میں شامل کرنے کی ہدایت کی اس موقع پر ایف ای ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر حفظ الرحمن نے اپنی بریفینگ میں فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں، انتظامی و مالیاتی اُمور، سالانہ کارکردگی اور فاؤنڈیشن کو مزید فعال بنانے سے متعلق تجاویز سے بورڈ کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :