Live Updates

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ارکان مابین ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی

حکومتی ارکان برجیس طاہر اور احسن اقبال نے دونوں جماعتوں کے ارکان کو گتھم گتھا ہونے سے بچایا، تحریک انصاف کے ارکان کے متحدہ کے خلاف ظالمو جواب دو خون کا حساب دو، بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز کے نعرے

پیر 6 اپریل 2015 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایم کیو ایم کے واک آؤٹ کے دوران ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی، وزیر امور کشمیر برجیس طاہر اور ووفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے ارکان کو آپس میں گتھم گتھا ہونے سے بچایا اور ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان سیز فائر کرا کر ایم کیو ایم کے ارکان کو اپوزیشن لابی کی طرف لے گئے۔

پیر کو جب ایم کیو ایم کے ارکان سپیکر کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور نہ کرنے بارے رولنگ کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کرنے لگے تو راستے میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے ارکان آپس میں الجھ گئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے، پی ٹی آئی کے محمد علی اختر اور رائے منصب نے ایم کیو ایم کی جانب سے نعرے بازی کا ظالمو جواب دو خون کا حساب دو، بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز کے نعرے لگائے، ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دونوں اطراف کے ممبران کے درمیان ہاتھا پائی اور گتھم گتھا کے خدشات پیدا ہو گئے۔ ایم کیو ایم کے ارکان نے پی ٹی آئی ارکان کے سامنے کھڑے ہو کر نعرے لگانا شروع کر دیئے۔ اس موقع پر برجیس طاہر اور احسن اقبال دیگر ارکان کے ہمراہ دونوں طرف کے ارکان کے درمیان پہنچ گئے اور سیز فائر کرایا۔(اح+ع ع)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات